چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع غیرقانونی اور بدنیتی ہے بلاول

پینڈورا پیپرز کے بعد حکومت خود کو احتساب سے بچانا چاہتی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ یہ بدنیتی بھی ہے، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ یہ بدنیتی بھی ہے۔


اپنی ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پینڈورا پیپرز کے بعد خاص طور پر حکومت خود کو احتساب سے بچانا چاہتی ہے، سلیکٹڈ حکومت وزیراعظم اور ان کے خاندان و رفقاء کو احتساب سے استثنٰی دیتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھنا چاہتی ہے، چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں توسیع نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ یہ بدنیتی بھی ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز قومی احتساب بیورو ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کیا تھا۔ جس کے تحت صدر مملکت چیئرمین نیب کا تقرر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے کریں گے تاہم صدر مملکت اتفاق رائے نہ ہونے پرچیئرمین نیب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے۔ نئے چیئرمین کے تقرر تک موجودہ چیئرمین نیب کام جاری رکھیں گے۔
Load Next Story