یورپ میں پی آئی اے پروازوں کی بحالی سی اے اے کے آڈٹ سے مشروط

ہربار ہم سے پروازیں بحالی کا تقاضا کیا جاتا ہے مگر پاکستان کو جو اقدامات کرنے ہیں وہ نہیں کیے جاتے،نمائندہ یورپی یونین


ویب ڈیسک October 07, 2021
ہربار ہم سے پروازیں بحالی کا تقاضا کیا جاتا ہے مگر پاکستان کو جو اقدامات کرنے ہیں وہ نہیں کیے جاتے، نمائندہ یورپی یونین۔(فوٹو: فائل)

یورپی یونین نے یورپ میں پی آئی اے پروازوں کی جلد بحالی کو سول ایوی ایشن آڈٹ سے مشروط کردیا۔

یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر اندرولا کمینارا اور سی ای او پی آئی اے ائرمارشل ارشد ملک کے درمیان ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یورپین یونین کی مندوب اندرولا کمینارا نے ارشد ملک کو واضح طور پر باور کروایا کہ آپ لوگ ہر بار اس تقاضے کے ساتھ رجوع کرتے ہیں کہ یورپ میں پی آئی اے پروازیں بحال کی جائیں مگر اس کے حوالے سے جو اقدامات کرنے ہیں اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اپنے اسٹینڈرز پر عمل درآمد کیے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

اندرولا کمینارا کے مطابق اس حوالے سے جولائی اور اگست میں سی اے اے پاکستان کو لکھا گیا اور ان سے یہ بھی کہا گیا کہ 9 نومبر کو یورپی یونین اور سی اے اے کی ملاقات سے قبل ایک پری میٹنگ 15 اکتوبر کو رکھی جائے تاکہ اس مسئلے کا کوئی دیرپا حل تلاش کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق سی ای او ارشد ملک نے یورپی یونین کی خاتون مندوب کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ڈی جی سی اے اے سے وہ ذاتی طور پر ملاقات کریں گے تاکہ یورپ میں پی آئی اے پر عائد سفری پابندیوں کے خاتمے کے لیے تیزترین حکمت عملی اپنائی جاسکے۔

ترجمان پی آئی اے نے یورپی یونین کی مندوب اور سی ای او پی آئی اے کی ملاقات کی تصدیق کی تاہم انھوں نے سی اے اے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی ائرلائن اور پی آئی اے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں، بہت جلد اس پر باہمی اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ اس حوالے سے بہتر لائحہ عمل ترتیب دیا جاسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرولا کمنیارا نے یورپی یونین اہل کاروں کے انخلا پر سی ای او پی آئی اے کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں