فوج کیخلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے وزیر داخلہ

الیکشن کے قریب ن لیگ میں نئی صف بندی ہوگی، ن لیگ کو 2 کے بجائے 3 گروپس میں تقسیم ہوتے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

الیکشن کے قریب ن لیگ میں نئی صف بندی ہوگی، ن لیگ کو 2 کے بجائے 3 گروپس میں تقسیم ہوتے دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید فوٹو : فائل

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوج اور حساس اداروں کیخلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے۔

شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑے حساس اور پچیدہ وقت سے گزر رہا ہے ، ہمارا سیاست دان مغرب کی طرف دیکھ رہا ہے جبکہ سیاست مشرق کی طرف طلوع ہورہی ہے، یہ پگڑیاں اچھالنے کا نہیں بلکہ سنجیدہ سیاست کا وقت ہے، خدانخواستہ افغانستان میں کوئی بحران پیدا ہوا ہم تو بھی متاثر ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آج قومی سلامتی کا اجلاس ہے، ملک میں مہنگائی ہے، عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پائیں گے، فوج اور حساس اداروں کیخلاف زبان استعمال کرنے والے منہ کے بل گریں گے، آسمان کا تھوکا ان کے منہ پر آئے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیرمین نیب کی توسیع کے معاملے پر حکومت سب چیزوں پر بات کرنے کے لیے تیار ہے، 22 اکتوبر سے سیاست میں تیزی آئے گی ، یہ 120 دن سیاست میں انتہائی اہم ہیں ، عمران خان سرخرو ہوگا۔


یہ بھی پڑھیں: آج پینڈورا لیکس پر کہاں ہے جے آئی ٹی، سپریم کورٹ کا پاناما بینچ اور نیب؟ مریم نواز

اداروں پر تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ یہ ان لوگوں کی سیاسی موت ہے، اپوزیشن نے گراؤنڈ پر کوئی کام نہیں، یہ ناکام ہوں گے، الیکشن میں سوا سال رہ گیا ہے، ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے، عمران خان کی قیادت میں بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے اور تبدیلی لائیں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں وہ سیاستدان نہیں جو کہوں مہنگائی نہیں ہے، عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پائیں گے، اداروں کیخلاف زبان استعمال کرنیوالے منہ کے بل گریں گے، الیکشن کے قریب ن لیگ کی نئی صف بندی ہوگی، ن لیگ کو 2 کے بجائے 3 گروپس میں دیکھ رہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر کھلا ہے ، چمن بارڈر پر کچھ مسئلہ ہے، اسے بھی ٹھیک کریں گے۔
Load Next Story