اتحادیوں سمیت 26 ممبران ساتھ ہیں دباؤ میں آکرمستعفی نہیں ہوسکتا وزیراعلیٰ بلوچستان 

چند لوگوں کی خواہش پر تبدیلی سے اپوزیشن اور حکومت دونوں کو نقصان اٹھانا پڑے گا، جام کمال خان


ویب ڈیسک October 08, 2021
چند لوگوں کی خواہش پر تبدیلی سے اپوزیشن اور حکومت دونوں کو نقصان اٹھانا پڑے گا، جام کمال خان ۔ فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اتحادیوں سمیت 26 ممبران میرے ساتھ ہیں کسی دباؤ میں آکر مستعفی نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا کہ ناراض دوست وزارتوں سے مستعفی ہونے کے بعد واپس آسکتے ہیں،ہمارے ساتھیوں کا اپوزیشن کیساتھ شامل ہونا سمجھ سے بالاتر ہے،تحریک عدم اعتماد کے بعد ہماری جماعت کے ساتھی بھی ناراض اراکین کی شکل میں سامنے آئے،18 ماہ رہ گئے چند لوگوں کی خواہش پر تبدیلی سے اپوزیشن اور حکومت دونوں کو نقصان اٹھانا پڑے گا،اتحادیوں سمیت 26 ممبران میرے ساتھ ہیں کسی دباؤ میں آکر مستعفی نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے تحفظات اجتماعی نوعیت کے منصوبوں اور وزیراعلیٰ کی حیثیت سے نہیں ہیں،بلاتفریق اپنے اتحادیوں اور اپوزیشن سمیت تمام اراکین نمائندوں کو فنڈز دیئے،سردار صالح بھوتانی کی تجویز کی اسکیمات پی ایس ڈی پی میں شامل کی گئیں،قدوس بزنجو نے اپنے حلقے کے لئے کوئی اسکیم نہیں دی اور نہ ہی وہ رابطے میں رہے،حکومت نے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھا،ترقیاتی حوالے سے تمام علاقوں کے مسائل ایک جیسے ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ بی اے پی نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر صوبے کی بہتری کے لئے کام کا آغاز کیا،اٹھارہویں ترمیم کے بعد ہم نے قانون کے مطابق وزراء اور مشیر بنائے،بانی اراکین اورساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا تاکہ ناراض اراکین اپنے تحفظات کا اظہار کھل کر کرسکیں،ہمیشہ کوشش رہی تمام دوستوں اور ممبران کو ساتھ لیکر سنجیدگی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھایا جائے، تین سال میں صوبے کی بہتری اور مسائل کے حل کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں