بے روزگاری اور معاشی مشکلات تعلیم یافتہ نوجوان بھی موٹر سائیکلوں کے ڈینٹر بننے لگے

اندرون ملک سے کراچی آنیوالے نوجوان بڑی تعداد میں اس پیشے سے وابستہ ہو رہے ہیں،سروے

لیاقت آباد میں موٹر سائیکلوں کے مڈگارڈ اور ٹنکی کو کاریگر درست کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

تیز رفتاری اور غلط ڈرائیونگ کے باعث کراچی میں روزانہ 200 سے 250 موٹر سائیکلیں بڑے اور چھوٹے حادثات کا شکار ہو رہی ہیں اور ان حادثات کے نتیجے میں موٹر سائیکل کے مختلف حصوں میں ٹوٹ پھوٹ ہو جاتی ہے، پھر ان کو موٹر سائیکل ڈینٹر مرمت کرتے ہیں۔

بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے باعث پڑھے لکھے نوجوان بھی بڑی تعداد میں اس پیشے سے وابستہ ہو رہے ہیں ، اس پیشے میں کام کے دوران گیس ویلڈنگ کرتے ہوئے چشمہ نہ پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے بیشتر کاریگروں کی آنکھوں کی بینائی بھی متاثر ہوتی ہے، ایکسپریس نے موٹر سائیکل ڈینٹروں کے حوالے سے ایک سروے کیا ، سروے کے دوران لیاقت آباد کے مقامی کاریگر محمد نوید قریشی نے بتایا کہ کراچی میں موٹر سائیکل کے ڈینٹروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ قسطوں پر موٹر سائیکلیں ملنے کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد آمدورفت کے لیے انھیں خرید رہی ہے ، انھوں نے بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں اب جو موٹر سائیکلیں تیار ہو رہی ہیں وہ زیادہ پائیدار نہیں، حادثات کے نتیجے میں موٹر سائیکل کی باڈی کے مختلف حصے فوری خراب ہو جاتے ہیں۔




انھوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل ڈینٹروں کی بڑی تعداد لیاقت آباد ، عائشہ منزل ، واٹر پمپ ، ناظم آباد ، گولیمار ، حسین آباد ، اورنگی ٹاؤن ، رنچھورلائن ، اکبر مارکیٹ ، ملیر ، لیاری ، صدر ، کورنگی ، محمود آباد ، لانڈھی ، شیریں جناح کالونی ، ماڑی پور ، سائٹ اور دیگر علاقوں میں واقع ہیں ،انھوں نے بتایا کہ کراچی میں موٹر سائیکل ڈینٹروں کی تقریباً 2500 سے زائد دکانیں ہیں اور 5000 سے زائد کاریگر اس پیشے سے وابستہ ہیں، انھوں نے بتایا کہ اس پیشے میں60فیصد اردو کمیونٹی اور 40 فیصد دیگر کمیونٹی کے لوگ وابستہ ہیں اور اندرون ملک سے بڑی تعداد میں نوجوان روزگار کے حصول کیلیے کراچی آ کر اس پیشے سے وابستہ ہو رہے ہیں،انھوں نے بتایا کہ اس پیشے میں استاد شاگردی کا سلسلہ ہوتا ہے اور ایک کاریگر تین سال میں اگر دل جمعی سے کام کرے تو وہ یہ کام سیکھ لیتاہے، انھوں نے بتایا کہ یہ کام محنت طلب ہے اور اس میں معاوضہ بھی مناسب ملتا ہے ،انھوں بتایا کہ کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈینٹنگ کا سب سے بڑا مرکز رنچھورلائن ہے جہاں 100 سے زائد اس کام کے کاریگر موجود ہیں۔
Load Next Story