سہراب گوٹھ سے منشیات کے 2 اسمگلرگرفتار 9 کروڑ روپے کی آئس اورہیروئن برآمد 

ملزمان کئی برس سے کوئٹہ سے منشیات کراچی لاکر فروخت کرتے تھے


Staff Reporter October 09, 2021
ملزمان کئی برس سے کوئٹہ سے منشیات کراچی لاکر فروخت کرتے تھے ۔ فوٹو : فائل

سہراب گوٹھ پولیس نے سپرہائی وے سے منشیات کے دو اسمگلروں کو گرفتار کرکے تقریباً 9 کروڑ روپے مالیت کی آئس اور ہیروئن برآمد کرلی، موقع سے آئس کا مین اسمگلر ساتھی سمیت فرار ہوگیا گرفتار ملزمان کئی برس سے کوئٹہ سے منشیات کراچی لاکر فروخت کرتے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق اطلاع ملی تھی منشیات کا بین الصوبائی گروہ منشیات قندھار سے کوئٹہ اور وہاں سے کراچی آرہا ہے جس پر سہراب گوٹھ پولیس نے ہفتے کی علی الصبح سپرہائی وے الاصف اسکوائر کے قریب ناکہ لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی۔

اس دوران ایک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار منشیات کے دو اسمگلر فرار ہوگئے جبکہ 2 ملزمان سوار خان اور گل خان کو گرفتار کرکے کار کی تلاشی لی تو کار کے خفیہ خاتون سے 9 کلو آئس اور اعلی کوالٹی کی ڈیڑھ کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ ایس ایس پی کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے ہے۔

گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ان کے گروہ کا سرغنہ فرار ہونے والا ملزم انصر گل ہے، منشیات قندھار سے کوئٹہ اور وہاں سے کراچی سبزی منڈی لائے اس کے بعد پرانی سبزی منڈی لے کر جانا تھا لیکن اس سے پہلے گرفتار ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کئی سال سے مذکورہ دھندے میں ملوث ہیں جو منشیات کراچی لاکر مختلف گروپ کو فراہم کرتے تھے اور بہت منظم طریقے سے اپنا دھندہ کررہے تھے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی آئس کے گروپ الگ الگ ہیں جنہیں آئس فروخت کرتے تھے، مذکورہ گروپ آئس کالجز، یونیورسٹیز، ڈانس پارٹی اور پوش علاقوں میں فروخت کی جاتی تھی، اس دھندے میں خواتین بھی شامل ہیں جو اپنا نشہ پورا کرنے کے لیے یونیورسٹی اور کالجز میں آئس فروخت کرتی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تابڑ توڑ چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں