ٹی 20ورلڈ کپ میں ڈی آر ایس ڈیبیو کیلیے تیار

میگا ایونٹ میں بھی کھلاڑیوں کوامپائرز کے فیصلے چیلنج کرنے کا اختیار مل گیا۔


Sports Desk October 11, 2021
ڈی ایل ایس پر فیصلے کیلیے فائنلز میں کم سے کم 10 اوورز کا کھیل لازمی قرار۔ فوٹو : فائل

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی ڈی آر ایس ڈیبیو کے لیے تیار ہے جب کہ مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں بھی پلیئرز کو اب امپائرز کے فیصلے چیلنج کرنے کا اختیار ہوگا۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار ڈسیشن ریویو سسٹم ڈی آر ایس کا استعمال ہوگا، آئی سی سی نے میگا ایونٹ کیلیے سسٹم کی دستیابی کی تصدیق کردی ہے، ٹورنامنٹ کا آغاز 17 اکتوبر سے عمان میں ابتدائی راؤنڈ کے ساتھ ہوگا جبکہ باقی مقابلے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

ہر ٹیم کو ایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ 2 ریویوز حاصل ہوں گے، کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے گذشتہ برس جون میں ہی واضح کیا تھا کہ کوویڈ کی وجہ سے بانسبت کم تجربہ کار ہوم امپائرز کی وجہ سے تمام فارمیٹس میں ہر اننگز کے دوران ٹیموں کو 2 ریویوز دستیاب ہوں گے۔ اس کے بعد سفید بال کرکٹ میں اننگز میں 2 جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اننگز میں 3 ریویو دیے جاتے ہیں۔

آئی سی سی نے بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے مقابلوں کیلیے کم سے کم اوورز کی تعداد میں اصافہ کردیا ہے، ڈی ایل ایس پر نتیجے کیلیے پر ٹیم کو کم سے کم 5 اوورز تک بیٹنگ کرنا ہوگی تاہم سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے دونوں ٹیموں کا کم سے کم 10 اوورز تک کھیلنا ضروری ہے۔

گزشتہ برس ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی یہی کنڈیشنز لاگو تھیں، جب سڈنی میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پہلا سیمی فائنل بارش کی نذر ہوا اور ریزرو ڈے نہ ہونے کی وجہ سے اس قانون کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ آخری مرتبہ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2016 میں کھیلا گیا تھا جس میں ڈی آر ایس کا استعمال نہیں ہوا تھا۔ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں ڈی آر ایس کا استعمال 2018 میں ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں