ن لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک انتقال کرگئے

ملک، جمہوریت اور عوام کے لئے پرویز ملک کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہباز شریف

پرویز ملک طویل عرصے سے علیل تھے، فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک پرویز دل کا دورہ پڑنے پر انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے، بیماری کے باعث انہوں نے (ن) لیگ لاہور کی صدارت سے بھی معذرت کر لی تھی تاہم قیادت کی ہدایت پر وہ (ن) لیگ لاہور کے معاملات کو دیکھتے رہے۔ پرویز ملک کے انتقال پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔


ملک پرویز کا شمار مسلم لیگ (ن) کے جاں نثار اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ 5 مرتبہ (ن) لیگ کی ٹکٹ پر لاہور کے مختلف حلقوں سے منتخب ہوتے رہے۔ پرویز ملک پرویز مشرف کے دور میں مسلم لیگ (ن) کے چند منتخب اراکین قومی اسمبلی میں سے ایک تھے، ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک اور بیٹا علی پرویز ملک بھی مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پرویز ملک کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی آج ایک نہایت قابل، وفادار، بہادر، مخلص رہنما اور نہایت اچھے انسان سے محروم ہو گئی ہے، نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ان کی وابستگی، وفاداری اور محبت و اعتماد کا تعلق مثالی رہا، ملک، جمہوریت اور عوام کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Load Next Story