ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی

اسپیکر بلوچستان جلد اسمبلی اجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد پیش کریں، ظہور بلیدی


ویب ڈیسک October 11, 2021
ہم وزیر اعلیٰ جام کمال کو پھر تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ خود استعفیٰ دے دیں، ظہوربلیدی . (فوٹو، فائل)

بلوچستان میں حکومتی جماعت کے ناراض اراکین نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان حکومت کے ناراض اراکین نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری صوبائی اسمبلی کو جمع کرادی، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والوں میں ظہور بلیدی، سردار عبدالرحمن کھیتران، نصیب اللہ مری اور دیگر شامل تھے۔

تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں، بلوچستان اسمبلی کے اکثریتی ممبران نے جام کمال خان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، اسپیکر بلوچستان جلد اسمبلی اجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد پیش کریں، اور ہم وزیر اعلیٰ جام کمال کو پھر تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ خود استعفیٰ دے دیں۔

اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ ایک اصول ہوتا ہے کہ ایک فرد کو اجتماع کیلئے قربان کیا جاتاہے، ہم ناراض گروپ نہیں بلکہ متحد گروپ ہیں، سیاسی بحران سے بہت سے مسائل پیدا ہوگئے ہیں، جام کمال بازی ہار گئے ہیں اب وہ بس کریں۔ ناراض رکن نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلوچستان میں پہلے دن سے ہی اتحادی تھی اور اب بھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں