آریان خان کو گرفتار کرنیوالے این سی بی آفیسر کا پولیس پر جاسوسی کا الزام

پچھلے کچھ دنوں سے میرا اور میرے ساتھیوں کا پیچھا کیا جارہا ہے، این سی بی آفیسر سمیر واکھنڈے


ویب ڈیسک October 12, 2021
سمیر واکھنڈے بھارت کے کئی ہائی پروفائل کیسز میں شامل رہے ہیں فوٹوفائل

بالی ووڈکے بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کرنے والے این سی بی آفیسر نے الزام لگایا ہے کہ ان کی جاسوسی کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر سمیر واکھنڈے جنہوں نے آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس میں انہوں نے الزام لگا یا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے ان کا اور ان کے ساتھیوں کا پیچھا کیا جارہا ہے۔

واکھنڈے نے ان کی جاسوسی کرنے کے لیے ممبئی کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت کے باہر شاہ رخ خان کی بیٹے کو گلے لگانے کی ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

رپورٹس کے مطابق واکھنڈے کا کہنا ہے کہ پچھلے دو دنوں سے وہ اور ان کے ساتھی سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کی نگرانی میں ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر الزام لگایا ہے کہ چند پولیس اہلکار سادہ لباس میں ان کا پیچھا کررہے ہیں۔ بہرحال ممبئی پولیس نے اس کیس کے بارے میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ایک نیوز ایجنسی نے این سی بی کے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اوشیوارا پولیس اسٹیشن سے واکھنڈے کے پیچھے دو آدمی اس قبرستان تک گئے جہاں واکھنڈے کی والدہ دفن ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی واکھنڈے کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کی زندگی کیساتھ شرمناک کھیل کھیلا جارہا ہے، روینہ ٹنڈن

واضح رہے کہ سمیر واکھنڈے بھارت کے کئی ہائی پروفائل کیسز میں شامل رہے ہیں جن میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا کیس بھی شامل ہے۔

حال ہی میں واکھنڈے اور ان کی ٹیم اس وقت منظرعام پر آئی جب انہوں نے ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز گرفتار کیا گیا۔



آریان کی گرفتاری کے بعد یہ کیس ہائی پروفائل کیس بن گیا ہے۔ تاہم اس کیس میں آریان خان کی گرفتاری کو لے کر این سی بی پر کئی سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں اور ایک بھارتی سیاسی جماعت کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں آریان کوجان بوجھ کر پھنسایا جارہا ہے۔ انہوں نے آریان خان کی گرفتاری کو حکمران جماعت بی جے پی کی سازش قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں