اسلام آباد ایئرپورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 4 کلو 2 سو گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے، اے این ایف


ویب ڈیسک October 12, 2021
ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے مزید انکشافات کی توقع ہے، اے این ایف فوٹو: ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین جانے والی گلف ائیرلائن کی پرواز نمبر GF 771 کی بریفنگ جاری تھی کہ اے این ایف کے عملے نے خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے علی متخان نامی مسافر کے سامان کو مشکوک جان کر تلاشی لی۔

اے این ایف حکام نے علی متخان کے بیگ کی تہوں میں مہارت سے چھپائی گئی 4 کلو 2 سو گرام ہیروئن برآمد کرلی، مسافر کو گرفتار کرکے تھانہ اے این ایف منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے ہے، ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے مزید انکشافات کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں