بھارت کیخلاف دباؤ میں آئے بغیر کھیلنا ہوگا جاوید میاں داد

بھارت کے خلاف جیت کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے، گھبرانا نہیں کھلاڑی بچے نہیں ہیں، سابق کپتان


Sports Reporter October 12, 2021
بھارت کے خلاف جیت کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے، گھبرانا نہیں کھلاڑی بچے نہیں ہیں، سابق کپتان - فوٹو:فائل

KARACHI: سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میاں داد نے عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج پانے کے لیے قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف دباؤ میں آئے بغیر کھیلنا ہوگا۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جاوید میاں داد نے کہا کہ قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں ہم آہنگ ہوکر کھیلنا ہوگا، ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری ادا کرے، ضروری نہیں پرفارمنس دینے والا ہی اچھا کھیلے، ایک یا دو کھلاڑیوں پر انحصار کرنا نقصان دہ ہوگا، فتح کے لیے ایک ٹیم کی حیثیت سے کھیلنا ہوگا۔

جاوید میاں داد نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے، گھبرانا نہیں کھلاڑی بچے نہیں ہیں، وہ اپنے اندر اعتماد پیدا کریں جہاں ٹیم میں ردو بدل کی ضرورت ہو وہاں تبدیلی کی جائے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ جب دو ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی ہیں تو کسی ایک کی جیت ہوتی ہے، اچھا کھیل کر ہاریں تو فرق نہیں پڑتا، غلطیوں سے سیکھنا چاہیے غلطیوں کو دہرانا خطرناک ہوگا، ہمارے بیٹسمینوں کو چاہیے کہ وہ موقع کی مناسبت سے کھیلنے کی کوشش کریں، ہر طرز کے بولر کی گیند کو میرٹ کے مطابق کھیلنے کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ اور پیسے دو الگ باتیں ہیں، پاکستان کو سب سے پہلے کرکٹ ترجیحات میں شامل کرنا چاہیے، کھیلنے والے چیئرمین پی سی بی نہیں کھلاڑی ہیں، جب اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو پیسہ بھی آئے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں