کتابوں سے رغبت رکھنے والوں کا انتظار ختم کراچی بین الاقوامی کتب میلہ 6 دسمبر سے شروع

5 روزہ کراچی بین الاقوامی کتب میلہ 6 دسمبر تک جاری رہے گا


Safdar Rizvi October 13, 2021
5 روزہ کراچی بین الاقوامی کتب میلہ 6 دسمبر تک جاری رہے گا . فوٹو : فائل

ادب(لٹریچر) سے محبت اور کتابوں سے انسیت رکھنے والے لاکھوں افراد کا طویل انتظار اب ختم ہونے کو ہے اور دو سال کے وقفے کے بعد پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن نے 16 واں "کراچی بین الاقوامی کتب میلہ"(انٹرنیشنل کراچی بک فیئر) 2 دسمبر سے ایکسپو سینٹر کراچی میں کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

5 روزہ کراچی بین الاقوامی کتب میلہ 6 دسمبر تک جاری رہے گا جس کی باقاعدہ تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں یاد رہے کہ اس سے قبل آخری بار یہ کتب میلہ دسمبر 2019 میں ہوا تھا تاہم پھر کورونا وائرس سے دنیا بھر میں تعلیمی، سماجی و معاشی سرگرمیوں میں تعطل کی طرح یہ کتب میلہ بھی متاثر ہوگیا۔

2020 میں اس کا انعقاد نہیں ہوسکا اس میلے کا آغاز سن 2005 میں ہوا تھا اور مسلسل 15 برس تک ہر سال باقاعدگی کے ساتھ کتب میلہ منعقد ہوتا رہا تاہم کوویڈ 19 کے سبب پہلی بار کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں اس وقت تعطل آیا جب 2020 میں کوویڈ کے مریضوں کے لیے ایکسپو سینٹر کراچی میں فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا اور بعد ازاں اس اسپتال کو کراچی کے سب سے بڑے ویکسینیشن سینٹر میں تبدیل کردیا گیا تاہم اب ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن سینٹر ختم ہونے کے بعد مختلف نمائشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے"ایکسپریس" کو بتایا کہ ایکسپو سینٹر کراچی کی انتظامیہ سے کتب میلے کے انعقاد کے سلسلے میں ابتدائی بات چیت مکمل ہوچکی ہے اور ایکسپو سینٹر کراچی کے ہال نمبر 1 اور 2 کی بکنگ بھی کرائی جاچکی ہے اور ہال نمبر 3 کے سلسلے میں بات کی جارہی ہے۔

ادھر پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے پبلشرز کو ای میل کے ذریعے کراچی بین الاقوامی کتب میلہ کے انعقاد سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور پبلشرز و بک سیلرز کی کتب میلے میں شمولیت کے لیے جوابی ای میل بھی آنا شروع ہو گئی ہیں لہذا کتب میلے کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں