پی سی بی کے نئے چیف ایگزیکٹیو کی تلاش شروع

وسیم خان کا خلا پْرکرنے والے عہدیدار کی تنخواہ اور اختیارات کم ہوں گے۔


Sports Reporter October 14, 2021
وسیم خان کا خلا پْرکرنے والے عہدیدار کی تنخواہ اور اختیارات کم ہونگے۔ فوٹو: پی سی بی

پی سی بی نے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تلاش شروع کردی جب کہ درخواست جمع کرانے کی حتمی تاریخ 27اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔

سابق سی ای او پی سی بی وسیم خان کا معاہدہ آئندہ سال فروری تک کا تھا جس میں فریقین کے اتفاق رائے سے توسیع کی گنجائش رکھی گئی تھی، مگر اختیارات میں کمی پر ان کے نومنتخب چیئرمین رمیزراجہ سے اختلافات ہوئے اور انھوں نے قبل ازوقت رخصتی کا فیصلہ کرلیا۔

اس وقت چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر قائم مقام چیف ایگزیکٹیوکا چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں، نئے سی ای او کی تلاش کا عمل شروع کرتے ہوئے گزشتہ روز اشتہار جاری کردیا گیا۔

اس میں درج شرائط کے مطابق امیدوار کا کسی منظور شدہ یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری یا مساوی تعلیمی قابلیت کا حامل ہونا ضروری ہے،مینجمنٹ میں وسیع تجربہ اور منصوبوں کو کامیاب برانڈز بنانے کا ٹریک ریکارڈ ہونے کے ساتھ کرکٹ کیلیے جذبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا،اگرچہ کرکٹ کیلیے کام کرنے یا اسپورٹس ایڈمنسٹریشن کا تجربہ لازمی نہیں لیکن اسے ترجیح دی جائے گی۔

ابتدائی طور چیف ایگزیکٹیو کا تقرر3سال کیلیے ہوگا، ابھی تنخواہ کے بارے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہا گیا مگر یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ قابلیت اور جاب مارکیٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے طے کی جائے گی۔

امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ اپنی درخواستیں، پروفائل، تصویر اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ہمراہ ڈائریکٹر ایچ آر سیرینا آغا کو27اکتوبرکی شام 5بجے سے قبل جمع کرائیں۔

قبل ازیں سی او او کے بجائے ڈائریکٹر مقرر کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں مگر اشتہار جاری ہونے سے اس حوالے سے اب کوئی ابہام باقی نہیں رہا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیف ایگزیکٹیو کی تنخواہ اور اختیارات کم ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں