شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کیساتھ گھروں میں ڈکیتیاں شہری پریشان

لیاری، ملیر، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی میں اسٹریٹ کرائم بڑھ گئے۔


Staff Reporter October 14, 2021
ضلع شرقی میں یکم جنوری سے 10 اکتوبر تک گھروں میں ڈکیتی کی 93 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ فوٹو:فائل

شہر میں روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ساتھ گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کو شدید عدم تحفظ کا شکار کردیا۔

لیاری، ملیر، نارتھ کراچی، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی اوردیگر علاقوں میں اسٹریٹ کرائم بڑھ گئے جب کہ ضلع شرقی ڈاکوؤں کے لیے جنت بن گیا ہے۔

رواں سال یکم جنوری سے 10 اکتوبر تک گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی 93 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جس میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل فونز اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، ضلع شرقی میں گلستان جوہر تھانہ پہلے نمبر پر رہا جہاں اس دوران گھروں میں ڈکیتی کی سب سے زیادہ 19 وارداتیں ہوئیں۔

ضلع شرقی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی وارداتوں کے حوالے سے سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانہ دوسرے نمبر پر رہا جس میں 16 وارداتیں ہوئیں جبکہ تیسرا گلشن اقبال تھانے کا سامنے آیا جس کی حدود میں قائم گھروں میں ڈکیتیوں کی 15 وارداتیں ہوئیں جبکہ سچل تھانے کی حدود میں 12 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

سہراب گوٹھ اور بہادر آباد میں 5 ، 5 وارداتیں ، شارع فیصل ، مبینہ ٹاؤن اور ٹیپو سلطان میں 4 ، 4 ، 4 وارداتیں جبکہ فیروز آباد ، محمود آباد اور بریگیڈ میں گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی ایک ، ایک وارداتیں ہوئیں تاہم عزیز بھٹی ، نیوٹاؤن ، پی آئی بی کالونی اور سولجر بازار کے علاقے میں اس دوران گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 10 اکتوبر تک 93 وارداتوں میں سے پولیس نے 19 مقدمات کو حل کرتے ہوئے 47 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں