بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنیوالے شوہر کو عمر قید کی سزا

سورج نے بیوی کو 2 بار سانپ سے ڈسوایا، پہلی بار سانپ کے کاٹنے پر خاتون صحتیاب ہوگئی تاہم دوسری بار جاںبر نہ ہوسکی


ویب ڈیسک October 14, 2021
سورج نے بیوی کو 2 بار سانپ سے ڈسوایا۔ فوٹو : فائل

بھارتی عدالت نے بیوی کو 2 بار زہریلے سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے پر شہری کو 2 بار عمر قید کی سزا سنادی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 28 سالہ سورج کمار نے اپنی اہلیہ کو مارنے کے لیے پہلے انتہائی زہریلے سانپ رسل وائپر سے ڈسوایا، جب کمار کی اہلیہ سورہی تھی تو اس نے سانپ بیوی پر چھورڈیا جس کے ڈسنے سے اہلیہ کے طبیعت خراب ہوگئی اور وہ 2 مہینے تک کیرالا کے اسپتال میں زیر علاج رہی تاہم حیران کن طور پر سورج کی اہلیہ صحت یاب ہوگئی۔

عدالتی کارروائی کے مطابق اہلیہ کی صحتیابی کے بعد سورج نے ایک بار پھر کوبرا سانپ حاصل کیا اور جس وقت بیگم سورہی تھی اس پر چھوڑدیا، سانپ کے ڈسنے سے سورج کی اہلیہ اس بار جانبر نہ ہوسکی اور جسم میں زہر کی زیادہ مقدار داخل ہونے سے ہلاک ہوگئی۔

واقعہ کے بعد سورج کی ساس نے پولیس میں تحقیقات کے لیے درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ سورج ان کی بیٹی کو زیادہ جہیز کے لیے تنگ کرتا تھا، سورج کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ سورج نے اہلیہ کو 2 بار سانپ سے ڈسوایا، اس مقصد کے لیے سورج نے یوٹیوب پر سانپ کی ویڈیوز دیکھیں اور ایک سپیرے سے سانپ حاصل کیا۔

بھارتی ریاست کیرالا کی کورٹ نے چند روز قبل سورج پر اہلیہ کے قتل کا الزام ثابت ہونے پر 2 بار عمر قید کی سزا سنائی اور 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں