اسلام آباد پولیس نے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرادی

ایس پی رورل وارنٹ گرفتاری لے کر اسپتال پہنچے اور پرویز مشرف کے وکلا کی موجودگی میں وارنٹ ان کے حوالے کئے


ویب ڈیسک February 03, 2014
خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے 25 لاکھ روپے کے حفاظتی مچلکے کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ فوٹو: فائل

وفاقی پولیس نے سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرادی ہے اور پرویز مشرف نے وکلا کی موجودگی میں وارنٹ گرفتاری خود وصول کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خصوصی عدالت کے حکم کی تعمیل کے لئے آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر ایس پی رورل کیپٹین الیاس دیگر 5 اہلکاروں کے ہمراہ راولپنڈی پہنچے جہاں سے وہ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) کے متعلقہ تھانے آر اے بازار کی پولیس کے ہمراہ اسپتال گئے اور پرویز مشرف کے وکلا کی موجودگی میں وارنٹ ان کے حوالے کئے، وارنٹ گرفتاری وصول کرنے کے بعد اب اگر پرویز مشرف نے 25 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع نہ کرائے تو انہیں آئندہ سماعت پر خصوصی عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔

واضح رہے کہ غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے 31 جنوری کو سابق صدر پرویز مشرف کے 25 لاکھ روپے کے حفاظتی مچلکے کے عوض قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے وفاقی پولیس کو ہدایت کی تھی کہ انہیں عدالتی احکامات پہنچا کر اس پر عملدرآمد کرایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں