زلفی بخاری برطانیہ میں ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت گئے

برطانوی عدالت کے حکم پر ریحام خان نے زلفی بخاری سے معافی مانگ لی


ویب ڈیسک October 15, 2021
برطانوی عدالت کے حکم پر ریحام خان نے زلفی بخاری سے معافی مانگ لی

برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹےالزامات لگانے پر ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے لندن ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ عدالتی حکم کے مطابق ریحام خان کو زلفی بخاری کو 50 ہزار پاؤنڈ بطور ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹےالزامات لگانے پر ہرجانے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔ اس طرح کا قانونی نظام پاکستان میں لانے کی کوشش کو آزادی اظہار کے خلاف کہہ کر میڈیا مالکان مہم شروع کر دیتے ہیں۔

https://twitter.com/RehamKhan1/status/1448797012728688644

وفاقی وزیر نے مزید کہا بہرحال ریحام کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا دراصل وہ عادی جھوٹی ہے۔

دوسری جانب لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ریحام خان نے زلفی بخاری کو مقدمے کے اخراجات اور ہرجانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اپنی ویڈیو میں زلفی بخاری سے ہتک آمیز الزامات پر معافی بھی مانگ لی ہے۔

واضح رہے کہ 6 اور 7 دسمبر 2019 کو ریحام خان نے یوٹیوب براڈ کاسٹ میں الزام لگایا تھا کہ نیویارک میں پاکستان کے روزویلٹ ہوٹل کی فروخت میں زلفی بخاری کا مفاد ہے۔ زلفی بخاری نے روزویلٹ ہوٹل سے متعلق ریحام خان کی طرف سے الزامات عائد کرنے پر برطانوی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں