پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی نے بگ تھری کے فارمولے کو مسترد کردیا

بھارت کے ساتھ کرکٹ کے معاملے پر بھی ملک وقوم کا مفاد مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے، چیرمین پی سی بی ذکا اشرف


ویب ڈیسک February 03, 2014
بورڈ کو آئی سی سی کے نئے فارمولے پر شدید تحفظات ہیں لیکن اب اس پر آئی سی سی کے مؤقف میں نرمی آئی ہے، ذکا اشرف فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی نے بگ تھری کے فارمولے کو مسترد کردیا ہے جب کہ چیرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ہمارے نزدیک پاکستان کا مفاد اور قوم کے جذبات بہت اہم ہیں۔

لاہور میں پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ بورڈ کو آئی سی سی کے نئے فارمولے پر شدید تحفظات ہیں، پی سی بی کی خواہش ہے کہ اس حوالے سے وزیر اعظم سے جلد ملاقات کرکے ان سے ہدایات لیں جس کے لئے انہیں دوبارہ خط لکھا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ بورڈ کے دوسرے اجلاس سے قبل ان سے ملاقات ہوجائے تاہم اگر وزیر اعظم سے ملاقات نہ ہوئی تو گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کو آگے لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بگ تھری کے حوالے سے آئی سی سی کے مؤقف میں نرمی آگئی ہے کیونکہ ہم نے مل کر آئی سی سی کی یہ کوشش ناکام بنائی اور آگے بھی اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرکٹ اور ملک کے بہتر مفاد میں ہوگا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ بگ تھری کے معاملے پر ہم جنوبی افریقا اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، دونوں بورڈز نے بھی بگ تھری کی حمایت یا مخالفت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے اجلاس میں بھارت کے ساتھ سیریز کے معاملہ بھی زیر غور آیا اور ہم اس معاملے پر بھی وہی فیصلہ کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔

کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ گورننگ بورڈ نے بگ تھری کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس فارمولے کو مسترد کردیا تاہم اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل گورننگ بورڈ وزیر اعظم سے ہدایات لینا چاہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔