فیس بک کو اُردو میں منتقل کیسے کیا جائے

دیگر سماجی ویب سائٹس پر اُردو کیسے استعمال کریں؟ طریقہ ہم بتاتے ہیں

دیگر سماجی ویب سائٹس پر اُردو کیسے استعمال کریں؟ طریقہ ہم بتاتے ہیں۔ فوٹو : فائل

زبان وہ وسیلہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنا احساسات اور خیالات دوسرے تک پہنچاتے ہیں۔

گویا زبان رابطے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔ جب ہم سوشل میڈیا کی بات کریں تو یہ تلخ حقیقت سامنے آتی ہے کہ سوشل ویب سائٹس پر ہم اپنی قومی زبان اردو کے بہ جائے انگریزی استعمال کرتے ہیں یا اردو رومن میں لکھتے ہیں۔ ہم اس حقیقت کو نظرانداز کردیتے ہیں کہ انٹرنیٹ کی اس دنیا میں، جہاں سوشل ویب سائٹس کے نام سے باہمی رابطوں کا جال پھیلا ہے، اگر ہم نے اپنی زبان کو رواج نہ دیا تو رفتہ رفتہ یہ زبان صرف ''بولی'' ہو کر رہ جائے گی۔ اسی طرح اگر اردو رومن رسم الخط میں لکھی جاتی رہی تو اس طرح ہم اپنی زبان کا چہرہ بگاڑ دیں گے۔

ایک زمانہ تھا کہ ایس ایم ایس کرنا ہو یا کسی سوشل ویب سائٹ پر اردو میں کمنٹس کرنا، ٹولز کی عدم دست یابی کی وجہ سے ہماری مجبوری تھی کہ ہم انگریزی استعمال کریں یا رومن میں اردو لکھ کر کام چلائیں، مگر اب ایسا نہیں۔ اردو سے محبت کرنے والے تیکنیکی ماہرین نے پیہم کوششیں کرکے اب ہماری قومی زبان کو اس قابل بنادیا ہے کہ اسے بہ آسانی سوشل ویب سائٹس پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ سوشل ویب سائٹس کی کمپنیاں بھی اب اردو کو قبول کر رہی ہیں اور اپنے صفحات کو دیگر زبانوں کی طرح اردو میں بھی منتقل کر رہی ہیں۔ ان سائٹس میں فیس بُک سرفہرست ہے۔ دیگر زبانوں کے ساتھ فیس بک کا اردو ورژن بھی موجود تھا مگر تین سال قبل اسے ختم کردیا گیا تھا، تاہم اسے اب بحال کردیا گیا ہے۔ اب ہمیں جاننا یہ ہوگا کہ فیس بک کو اردو میں کیسے منتقل اور استعمال کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ دیگر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر ہم کیسے اردو استعمال کرسکتے ہیں؟



طریقہ: جب فیس بک کا پیج کھولتے ہیں، ہمارے سامنے بہت سے زبانوں کے آپشنز آجاتے ہیں، جن میں اردو سمیت چون زبانیں شامل ہیں۔ اردو کا آپشن سامنے ہی نظر آئے گا، آپ اس پر کلک کریں، آپ کی ویب سائٹ آپ کو اردو میں نظر آنے لگے گی۔ اس کے بعد آپ اپنا ای میل ایڈریس اور پاس ورڈ ڈال کر لاگ ان کردیں۔ لیکن یہ کیا، آپ کی فیس بک وال تو اب بھی انگریزی زبان ہی میں ہے۔ پریشان مت ہوں۔ اپنی فیس بک وال پر دائیں طرف موجود سیٹنگز کے نشان پر جائیے، اسے کلک کرنے پر جو لسٹ کھلے گی اس میں سیٹنگز کا آپشن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کیجیے۔ اب آپ کے سامنے ''جنرل اکاؤنٹ سیٹنگز'' کی ونڈو اوپن ہوجائے گی۔ آپ کو سے آخر میں ''لینگویج'' کا آپشن دکھائی دے گا۔ اس آپشن پر کلک کیجیے اور اس آپشن میں جاکر اردو زبان کو منتخب کیجیے۔ ''save changes'' پر کلک کیجیے۔ لیجیے! اب آپ کی فیس بک وال آپ کو اردو مواد کے ساتھ دکھائی دے رہی ہوگی۔

فیس بک کو اردو میں منتقل کرنے کے بعد خاص طور پر وہ لوگ جن کی انگریزی پر دسترس نہیں، وال پر موجود ہدایات اور تیکنیکیں بہ آسانی سمجھ سکتے ہیں۔ اس طرح ہم اپنی بات اپنے ہم وطنوں تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں اور یہ اپنی قومی زبان سے ہماری محبت کا اظہار بھی ہوگا۔ فیس بک پر اردو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے کمپیوٹر میں اردو ٹائپنگ کا آپشن موجود ہو۔


کسی بھی سوشل ویب سائٹ پر اردو زبان کے ذریعے ابلاغ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اردو ''یونی کوڈ'' میں ٹائپ کی جائے، جو نہایت آسان ہے۔ اپنے کمپیوٹر میں اردو انسٹال کرنے کے لیے اس ویب سائٹ پر جائیے: https://www.mbilalm.com/، اس ویب سائٹ پر کمپیوٹر میں اردو فونٹ انسٹال کرنے کا آسان ترین ذریعہ موجود ہے۔ اردو لکھنے کے لیے اردو کی بورڈ ''ہارڈویئر'' کی ضرورت نہیں ہوتی، بل کہ صرف ''پاک اردو انسٹالر'' انسٹال کرکے نہایت آسانی سے یہ کام کیا جاسکتا ہے۔

پہلے فیس بک کا پیج اردو کے جس فونٹ میں تھا اسے پڑھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اردو ''ہوما فونٹ'' میں ہے، لیکن اکثر احباب اس کوشش میں ہوتے ہیں کہ انھیں اردو نستعلیق فونٹ میں نظر آئے، اس مسئلے کا حل بھی اس ویب سائٹ پر موجود ہے، اگر آپ کے پاس ''پاک اردو انسٹالر'' ہے تو آپ اپنے فیس بک یا ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ''اسٹائلش پلگ ان'' ایڈ کرسکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے فیس بک، ٹوئٹر اور وکی پیڈیا، اور اردو کے آن لائن صفحات پر موجود اردو آپ کو نستعلیق فونٹ میں نظر آنے لگے گی۔ اگر آپ کو ''HTML'' وغیرہ کی تھوڑی بہت سمجھ ہے تو اس کوڈ میں مزید ویب سائٹس اور کوڈ آپ خود شامل کرسکتے ہیں۔



جب ہم وائس کال کی سوشل ویب سائٹ اسکائپ پر چیٹ کرتے ہیں، تو عموماً ہمیں وہاں بھی فونٹ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا حل بھی نہایت آسان ہے۔ اپنے اسکائپ اکاؤنٹ پر لاگ ان ہوکر ''ٹولز'' میں جائیے، سب سے آخر میں آپ کو آپشن کا آئیکون نظر آئے گا۔ اس پر کلک کیجیے۔ آپ کے سامنے ''جنرل آپشن'' کی ونڈو کھل جائے گی، یہاں آپ کو IM & SMS کا آپشن نظر آئے گا۔ اس آپشن میں جاکر IM appearance پر کلک کیجیے۔ یہاں آپ کو ''change font'' کی سہولت نظر آئے گی۔ اس آپشن پر کلک کیجیے، اپنے فونٹ کو ''جمیل نوری نستعلیق'' (jameel noori nastaleeq ) پر سیٹ کرکے save کرلیجیے۔ اب آپ کے اسکائپ پر بھی نستعلیق میں فونٹ کی سیٹنگ ہوچکی ہے، اب آپ اپنے میسیجز بہ آسانی پڑھ سکتے ہیں۔

کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے لیے مختلف سوفٹ ویئر استعمال کیے جاتے ہیں، جن میں ان پیج سب سے زیادہ مقبول ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ، مختلف سوفٹ ویئرز نے ان پیج کی جگہ لے لی ہے۔ اب آپ مائیکرو سافٹ میں بھی اردو لکھ سکتے ہیں، چوں کہ مائیکروسافٹ ورڈ آفس زیادہ تر لوگوں کے پاس موجود ہے، لہٰذا آپ دنیا کے کسی بھی کونے پر اپنا مواد اردو میں بھیج سکتے ہیں، کیوں کہ اگر مائیکروسافٹ ورڈ آفس موجود نہ ہو تب بھی مائیکروسافٹ ان فائلز کو آن لائن کھولنے کی سہولت دیتا ہے، جو اردو کے حوالے سے بہت فائدہ مند سہولت ہے۔ یہی طریقہ اپناتے ہوئے آپ گوگل پلس، لنکڈان اور اپنی ای میلز میں اردو میں لکھ سکتے ہیں۔

اسی طرح آپ کسی بھی بھی زبان کی ویب سائٹ کو اردو میں دیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ گوگل کروم استعمال کرتے ہیں تو اس کے سیٹنگز کے آپشن میں جائیے، Show advanced settings پر کلک کیجیے۔ یہاں آپ کو لینگویج کا آپشن نظر آئے گا۔ یہاں ''لینگویج اینڈ اِن پُٹ سیٹنگز'' پر کلک کیجیے، ایک ونڈو اوپن ہوجائے گی۔ اب یہاں Add پر کلک کیجیے اور ''done'' کردیجیے۔ اب آپ کی مطلوبہ ویب سائٹ آپ کو اردو میں دکھائی دے گی۔

گوگل کروم ویب سائٹ پیج کے اوپر ''ٹرانسلیٹ دس پیج'' کا آپشن شو ہوگا، جس کے مطابق یہ آپ پر ہے کہ آپ اپنی مرضی کے مطابق اس ویب سائٹ کو اردو یا انگریزی میں کرسکیں۔ انٹرنیٹ خاص طور پر سوشل ویب سائٹس استعمال کرتے ہوئے اردو کو زیادہ سے زیادہ برتنا اس امر کا آئینہ دار ہوگا کہ دوسری قوموں کی طرح ہماری بھی ایک خوب صورت اور ہر صلاحیت سے مالامال زبان ہے جس سے ہمیں محبت ہے۔
Load Next Story