1 ٹرافی 16 دعویدار ٹی 20 کی عالمی جنگ چھڑگئی

پہلے میچ میں میزبان سائیڈ پاپوانیوگنی سے ٹکرائے گی، دوسرے مقابلے میں بنگلادیش کو اسکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش


Sports Desk October 17, 2021
شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا، کھلاڑیوں کے دل کی دھڑکنیں تیز ہونے لگیں۔ فوٹو : فائل

ایک ٹرافی 16 دعویدار جب کہ ٹی 20 کی عالمی جنگ چھڑگئی ہے۔

5 برس بعد آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز اتوار کو عمان میں ہورہا ہے، یہ ٹورنامنٹ بھارت میں شیڈول تھا تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باعث وہ میزبانی اب عمان اور یواے ای میں کررہا ہے۔

دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو اس ٹورنامنٹ کا بے چینی سے انتظار ہے تو دوسری جانب پلیئرز کی بھی دھڑکنیں تیز ہورہی ہیں، مختصر فارمیٹ میں چھکوں اور چوکوں کی پیشگوئی پہلے ہی جاری ہوچکی، سلو پچز ہارڈ ہٹرز کے راہ کی رکاوٹ بن سکتی ہیں، اسپنرز کنڈیشنز سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھانے کیلیے پْراعتماد ہیں جبکہ فاسٹ بولرز کو حریف سائیڈز پر رعب جمانے کیلیے پوری جانفشانی سے بولنگ کرنا ہوگی۔

ابتدائی روز پہلے میچ میں میزبان عمان کا مقابلہ پاپوا نیوگنی سے ہے، دونوں ہی ٹیمیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی خواہاں ہیں، دیگر سائیڈز کی طرح ان دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی آنکھیں بھی فتح کی امید سے جگمگا رہی ہیں۔ عمان کو ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہے، ٹیم پہلے ہی اپنے ملک میں عالمی سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے کافی خوش ہے۔ دوسری جانب پاپوانیوگنی بھی اپنی مہارت کو پچ پر کامیابی سے بروئے کار لانے کی خاطر پْرعزم ہے۔

اتوار کے ہی روز بنگلادیش کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہوگا، بنگال ٹائیگرز کٹ آف ڈیٹ تک ٹاپ 8 میں جگہ نہ بنا پانے کی وجہ سے براہ راست سپر 12 راؤنڈ میں رسائی نہیں پا سکے تھے، انھیں اب ابتدائی راؤنڈ میں باقی ٹیموں پر فتح حاصل کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا ہوگی تاکہ اگلا راؤنڈ کھیلنے کا خواب پورا ہوسکے۔

حال میں بنگلادیش نے اپنے ملک میں آسٹریلیا اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کو بڑے مارجن سے شکست دی، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کا مورال کافی بلند اور ان کی جانب سے فتح کیلیے بھرپور کھیل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اسکاٹ لینڈ بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلیے بے تاب ہوگا، ماضی میں اسکاٹش ٹیم بعض مواقع پر بڑی ٹیموں کے خلاف بھی اچھا کھیل پیش کرچکی، اسی وجہ سے وہ بنگال ٹائیگرز کا بھی شکار کرنے کیلیے پْرامید ہیں۔

کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کا سپر 12 راؤنڈ سے فاصلہ کچھ سمٹ جائے گا جبکہ ہارنے والی سائیڈز کو آنے والے مقابلے میں ہر صورت فتح کا چیلنج درپیش ہوجائے گا۔ ورلڈ کپ ابتدائی راؤنڈ میں گروپ بی کے میچز پیر کو ابوظبی میں کھیلے جائیں گے، دوپہر کو آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کا میچ ہوگا، سری لنکا اور نمیبیا کی ٹیمیں شام کو مدمقابل آئیں گی۔

یاد رہے کہ مجموعی طور پر میگا ایونٹ کیلیے 56 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح ٹیم 16 لاکھ اور رنرز اپ8 لاکھ ڈالر حاصل کرے گی، سیمی فائنلزکی شکست خوردہ ٹیموں کو 4، 4 لاکھ ڈالر ملیں گے، سپر 12 اسٹیج کے دوران آئی سی سی ہر میچ کے فاتح کو بونس کے طور پر 40 ہزار ڈالر دے گی، اس راؤنڈ سے جو ٹیمیں ناک آؤٹ ہوں گی انھیں بھی فی کس 70 ہزار ڈالر ملیں گے۔ اسی طرح ابتدائی راؤنڈ میں بھی ایک فتح پر 40 ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ ناک آؤٹ ہونے والی ٹیم بھی 40 ہزار ڈالر ساتھ لے کر جائے گی۔

میچ فورفیٹ کرنے والی ٹیم کے ہاتھ کچھ نہ آئے گا

آئی سی سی ٹی 2 ورلڈ کپ کا آغاز اتوار سے ہورہا ہے، جس کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پہلے ہی پلیئنگ کنڈیشنز جاری کی جاچکی ہیں،حکام نے واضح کردیا ہے کہ ایونٹ کے دوران میچ فورفیٹ کرنے والے کو کوئی پوائنٹ نہیں ملے گا۔

یاد رہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت نہ ملنے کے امکانات پر آسٹریلیا نے افغانستان کی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ میں نہ کھیلنے کا عندیہ دیا تھا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ دونوں گروپ اسٹیجز میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 پوائنٹس ملیں گے، اگر میچ ٹائی ہوتا ہے، رزلٹ سامنے نہیں آتا یا میچ ختم کردیا جاتا ہے تو پھر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔

آئی سی سی نے میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے ریزرو ڈے مختص کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے تاہم عام گروپ میچز میں ایس انہیں ہوگا۔ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کو شیڈول دن پر ہی مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی چاہے اس کیلیے اوورز میں کچھ ضروری کٹوتی بھی کرنا پڑے، کسی میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے کم سے کم دونوں سائیڈز کے درمیان 5، 5 اوورز کا کھیل ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے لیکن اگر شیڈول دن میں میچ مکمل نہیں ہوتا تو ریزرو ڈے پر مقابلے کو مکمل کیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 اکتوبر کو بالترتیب ابوظبی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل 14 نومبر کوہو گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں