پاکستان میں سالانہ کینسر کے ایک لاکھ مریض جاں بحق ہونے لگےیوم انسداد سرطان آج منایا جائیگا

ملک میں ہر 5 منٹ میں ایک ،ہر ایک گھنٹے میں 12 اور24گھنٹے میں288 افرادمختلف اقسام کے سرطان میں مبتلا ہورہے ہیں،رپورٹ


Staff Reporter February 04, 2014
روزانہ ورزش ،سبزیوں اور پھلوں کے استعمال سے کینسرسے بچاؤممکن ہے،شہری مرچ مصالحے اوربندڈبوں کے کھانے ترک کردیں،ماہرین طب

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر( سرطان)کے خلاف آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے آج عالمی دن منایا جائے گا ۔

کراچی سمیت صوبے میں خصوصی پروگرام اور سیمینار زمنعقد کیے جائیں گے، کینسر کا عالمی دن ہر سال4 فروری کودنیا بھر میں منایا جاتا ہے، ماہرین طب کے مطابق دنیا میں ہر سال 75 لاکھ افرادکینسر میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ہر 5 منٹ میں ایک اورہر ایک گھنٹے میں 12 اور24گھنٹے میں288 افرادمختلف کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں، پاکستان میں کینسرکے مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی سالانہ تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے بھی زائد بتائی جاتی ہے، بروقت تشخیص ،موثر علاج ، روزانہ ورزش اور سبزیوں کے استعمال سے کینسرسے متعلقہ 40 فیصد بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے،شہری مرچ مصالحے اوربندڈبوں کے کھانے ترک کردیں، دریں اثنا معروف انکالوجسٹ اور سول اسپتال میں کینسر یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر نورمحمد سومرونے بتایا کہ سول اسپتال میں 2004 سے2013 تک مجموعی طورپر 87 ہزار618 کینسر کے مریضوں کوطبی امداد فراہم کی گئی جبکہ اس دوران 7ہزار505نئے کینسر کے مریضوں کا اضافہ ہوا ۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ9سال کے دوران کینسر کے مریضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، ان میں مردوں میں سر، حلق، زبان اورمنہ کے کینسر کی شرح ہولناک ہے، پان، گٹکا، مین پوری اورچھالیہ کے استعمال سے مردوں میں کینسر کی شرح میں اضافہ ہوا ہے،سول اسپتال میں منہ اورحلق کے کینسر میں 1472مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔



جبکہ خواتین میں بریسٹ کینسر میں1228، لیوکیمیا کے مرض میں1023 مریض ، پیٹ کے کینسر میں727، لمفوما (غدود) کینسر میں 706، آنتوں کے کینسر میں563، بچہ دانی کینسر میں417، تمباکونوشی کی وجہ سے پھیپھڑوں کے کینسر میں291،ہڈیوں کے کینسر میں283 اور جگر اورپتے کے کینسر میں 203 مریض رپورٹ ہوئے، انھوں نے بتایا کہ کینسر کی شرح کراچی میں سب سے زیادہ رپورٹ ہوئی ہے ،سول اسپتال میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 5ہزار276 مریض کینسر کی مختلف اقسام میں رپورٹ ہوئے ہیں، کیموتھراپی کرانے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

سول اسپتال میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کینسر کے مریضوں کو علاج ومعالجے کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،علاوہ ازیں کینسر کے عالمی دن کے موقع پر ا پنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فائیزر پاکستان کے کنٹری منیجر ڈاکٹر فرید خان نے کینسر کے عالمی دن پر معاونت فراہم کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان میں اہم شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں طبی تعلیم پر مبنی سرگرمیاں منعقد کرنے کے ساتھ کینسر کے علاج تک رسائی فراہم کرنے کے پروگرام کو فروغ دینے میں مصروفِ عمل ہیں، پاکستان سوسائٹی آف کلینکل اونکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر ایس ایچ منظور زیدی نے کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور اس کے خاتمے کیلیے فائیزر پاکستان کے عزم کو سراہا،انھوں نے مزید کہا کہ اِن ہی سرگرمیوں کی بدولت فائیزر معاشرے میں بے پناہ لوگوں کا طرز ِزندگی بہتر بنانے کا ضامن ہے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں