ایک یتیم بچے کی ذمے داری اٹھا لیں
آج کا انسان خوف‘ بے سکونی‘ اضطراب اور بے یقینی کے ماحول میں زندگی بسر کررہا ہے۔
www.facebook.com/javed.chaudhry
آج 12ربیع الاول ہے' آج کا دن عید ین کے بعد مسلمانوں کی زندگی کا سب سے خوب صورت اور مقدس دن ہوتا ہے' پاکستان سمیت پوری اسلامی دنیا میں یہ دن بھرپور شان وشوکت سے منایا جاتا ہے' چراغاں ہوتا ہے' میلاد کے جلوس نکلتے ہیں' شیرینی تقسیم ہوتی ہے' درود و سلام کی محفلیں سجتی ہیں اور عاشقان رسولﷺ اپنی محبت اور عقیدت کابھرپور اظہار کرتے ہیں۔
ہمیں یہ کرنا بھی چاہیے کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہﷺ کی بعثت کو مسلمانوں کے لیے احسان قرار دیا (آل عمران' 164)اورہم اگر اس عظیم احسان کا بدلہ نہیں اتار سکتے تو بھی ہمیں تجدید احسان ضرور کرنی چاہیے'ہم اگر آج کے دن انسانی تا ریخ کا مطالعہ کریں ' دنیا کے عظیم لوگوں کا ڈیٹاجمع کریں تو ہمیں حضرت محمدﷺ کا نام سر فہرست نظر آئے گااور ہماری گردن شکر سے جھک جائے گی'دنیا نے ہمارے رسولؐ کو یہ ٹائٹل کیوں دیا؟
کیوں کہ ہمارے رسولﷺنے انسانیت کو انسانوں کی غلامی سے آزادی دی' عورتوں کو گھرکی ملکہ بنایا' غلاموں کو حقوق دیے'بیوائوں اور یتیموں کی خبر گیری کی' بھو کوں کو کھانا کھلانے کا حکم دیا' انسانوں کو جوڑنے اور نفرتوں کے خاتمے کی تعلیم دی' ظالم کو ظلم سے روکا' مظلوم کی دادرسی کی' امیروں کے مال میں غریبوں کا حق رکھا' قیدیوں کے حقوق بتائے اور جانوروں کے حقوق کی تعلیم دی لہٰذا دنیا آج یہ مان رہی ہے تاریخ میں مہذب سوسائٹی کی بنیاد ہمارے آقاﷺ نے رکھی تھی۔
آپ کو انسانی تاریخ میں کوئی ایسی دوسری ہستی نہیں ملے گی جس نے پتھر کھا کر کلمہ خیر کہا ہو' بھوکا رہ کر دوسروں کو کھلایا ہو' دشمن کی امانت کی حفاظت کی ہواور جو رحمت اللعالمینﷺ ہو ' ایسی ہستی واقعی اللہ تعالیٰ کا انسانیت پر بہت بڑا احسان ہے اور اس احسان کا شکر ادا کرنا ہم پر فرض ہے۔
ہمارے آقاﷺ یتیم پیدا ہوئے تھے' 6سال کی عمر میں والدہ بھی چل بسیں' 8سال کی عمر میں دادا بھی اللہ کو پیارے ہو گئے لہٰذا چچا ابو طالب نے کفالت کی ذمے داری لی اورآپؐ نے ان کے گھر پرورش پائی' نبوت سے پہلے کا 40سال کا عرصہ سچائی' امانت ' دیانت اور حیاء جیسی عظیم صفات کے ساتھ گزارا ' 40سال کی عمر میں غارحرا میںجبرائیل علیہ السلام اللہ کا پیغام لائے' وحی کا پہلا تجربہ تھااس لیے خوف کی کیفیت طاری ہوگئی۔
اقراء باسم ربک الذی خلق کا پیغام دل میں اتار نے کے بعد گھر کی طرف لوٹے' زوجہ محترمہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے پاس پہنچے اور زملونی زملونی (مجھے اوڑھا دو )کی درد بھری آواز زبان مبارک سے نکل رہی تھی' زوجہ محترمہ ؓنے کمبل اوڑھایا ' پورا قصہ سنا اور خوف کی اس حالت میں آقا ﷺ کا جو نقشہ کھینچا آج کی دکھی ' خوف زد ہ'ڈپریشن کی ماری انسانیت کے لیے ان الفاظ میں دوا بھی موجود ہے اور امید بھی۔
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا ''اللہ کی قسم ! اللہ آپ ﷺ کو کبھی غم زدہ نہیں کرے گا ' آپؐ اعلیٰ اخلاق کے مالک ہیں' آپؐ بے کسوں کا بوجھ اپنے سر پر اٹھا لیتے ہیں' آپؐ مفلسوں کے لیے کماتے ہیں' مہمان نواز ی کرتے ہیں اور مشکل وقت میں حق کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں''۔
حضرت خدیجہ ؓکے یہ الفاظ ہم گناہ گار انسانوں کے لیے چارٹر کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ چارٹر بہ آواز بلند کہہ رہا ہے' اے انسان! جب تم خوف زدہ ہو جائو' جب تم ذمے داریوں کا بوجھ محسوس کرنے لگو' جب ماحول بظاہر تمہارے لیے ساز گار نہ ہو اور جب تم اپنے آپ کو بے بس محسوس کرنے لگو تو تمہارے وہ اعمال تمہارا سہارا بنیں گے' تمہارا وہ کردار تمہاری ڈھال بنے گا جو رسولؐ کا بعثت سے قبل تھا' کردار کی یہ خوبیاں تمہیں خوف سے نجات دیں گی اور اللہ تمہارا حامی و مددگار ہو گا'آپ حضرت خدیجہؓ کے الفاظ کو پڑھیے اور بار بار پڑھیے' یہ ہم سب کا آئین ہیں'انسانیت کا آئین۔
آ ج کا انسان خوف' بے سکونی' اضطراب اور بے یقینی کے ماحول میں زندگی بسر کررہا ہے ' ڈیپریشن اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ پھیلنے والی بیماری ہے اور ڈیپریشن کا آغاز خوف' بے یقینی' اضطراب اور بے سکونی سے ہوتا ہے 'ڈاکٹر کہتے ہیں انسانی دماغ میں چند کیمیکلز کے کم یا زیادہ ہونے سے مینٹل ڈس آرڈر ہو جاتا ہے' طبی ماہرین نے اس ڈس آرڈر(ڈیپریشن) سے نجات کے لیے سیکڑوں دوائیں اور تھراپیز متعارف کروائی ہیں لیکن بے سکونی اس کے باوجود بڑھتی جارہی ہے۔
معاشرے میں اضطراب کم ہونے کا نام نہیں لے رہا' کروڑ پتی اور ارب پتی لوگ بھی بے چینی کا شکار ہیں' گھروں میں لڑائیاں ہیں' رشتے بدگمانیوں کی نظر ہورہے ہیں اور پورے معاشرے میں خوف کا عالم ہے ' ہر دوسرے دن قتل'ریپ ' ڈکیتی اور اغواء کی لرزہ خیز وار داتیں میڈیا کا موضوع بنتی ہیں'میڈیا ان خبروں کو نمایاں کرتا ہے توخوف اور بے چینی میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے۔
اب سوال یہ ہے اس صورت حال کا حل کیا ہے؟ آپ یہ یاد رکھیں خوف' بے یقینی' بے سکونی اور اضطراب نفسیاتی اور روحانی عارضے ہیں اور ان کا علاج بھی نفسیاتی اور روحانی طریقہ سے ممکن ہے اور وہ نفسیاتی اور روحانی طریقہ سنت رسولﷺ میں ہے ' آقاﷺ کی پوری زندگی اسوہ حسنہ ہے لیکن صرف یتیموں کی کفالت کی عظیم سنت پر نظر ڈالیں تو رحمت اللعالمینﷺ کی رحمت میں ٹھاٹھیں مارتی موجوں کا جوش نظر آتا ہے۔
فرمایا یتیم کی کفالت کرنے والا قیامت کے دن میرے ساتھ ایسے ہو گا جیسے یہ اور آپﷺ نے ہا تھ کی دو انگلیوں کو ساتھ ملا کر اشارہ کیااور یتیم کے سر پر ہاتھ رکھنے والے کے لیے سر کے بالوں کے برابر ثواب کی بشارت بھی سنائی' فرمایا شرک کے علاوہ یتیم کی پرورش کرنے والے کے سارے گناہ معاف کردیے جائیں گے۔
قرآن مجید نے بھی 26مقامات پر یتیموں کا ذکر کیا ہے لہٰذا میرا مشورہ ہے ہم اگر اس سال 12ربیع الاول کے دن کویتیموں کی مدد کے لیے وقف کر دیں' ہم اگر یہ دن کسی ایک یا ایک سے زیادہ یتیم بچوں کی کفالت کی ذمے داری اٹھا کر منائیں تو آقاﷺ کی سنت بھی زندہ ہو جائے گی 'اللہ تعالیٰ ہمیں خوف سے نجات بھی دے دے گا'وہ ہمارے اضطراب کو سکون میں بھی بدل دے گا اور ہماری بگڑی بن جائے گی۔
میں نے ہزاروں خوش حال لوگوں سے ملاقات کی' ان کی زندگیوں کے بارے میں پڑھا اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں دنیا میں سارے خوش حال اور خوش باش لوگوں میں ایک بات مشترک ہے ' ان سب نے انسانیت کی بھلائی اور خدمت کو اپنی زندگی کاحصہ بنایا'یہ اللہ کی مخلوق کو خالق کا کنبہ سمجھ کر اس کی خدمت میں لگے رہتے ہیں اور اس خدمت کے بدلے خالق ان کی زندگی کو خوش حال اور دل و دماغ کو اطمینان اور سکون سے بھر دیتا ہے۔
میں گزشتہ چند برسوں سے ریڈ فائونڈیشن کے ساتھ رضا کارانہ کام کررہا ہوں' فائونڈیشن پاکستان میں تعلیم کے میدان میں کام کرتی ہے'اس ادارے نے تعلیمی اداروں' اساتذہ کی ٹریننگ اور غریب اوریتیم بچوں کو مفت تعلیم دے کرشمالی علاقوں میں کمال کر دیا' فائونڈیشن کے 390تعلیمی اداروں میںایک لاکھ بارہ ہزار بچے زیر تعلیم ہیں' ان بچوں میں 12ہزار یتیم بچے بھی شامل ہیں'یہ یتیم بچے مکمل مفت تعلیمی ضروریات کے ساتھ معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں'یتیم کفالت پروگرام کے تحت اب تک 16ہزار یتیم بچے تعلیم حاصل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو چکے ہیں۔
فائونڈیشن ہر زیرکفالت بچے کا ڈیٹا بھی ڈونرز کو فراہم کرتی ہے' آپ بھی کسی غریب یتیم بچے کی کفالت کی ذمے داری لیں گے تو فائونڈیشن آپ کو بھی ان بچوں کی مکمل معلومات دے گی' تعلیمی سال پورا ہونے پر آپ کو آپ کے زیر کفالت بچے یا بچی کی مکمل پراگریس رپورٹ بھی ارسال کی جائے گی' فائونڈیشن ایک بچے کی سالانہ تعلیمی کفالت صرف 30ہزار روپے میں کرتی ہے۔آپ یہ رقم یکمشت یا اپنی سہولت کے مطابق ماہانہ اقساط میں بھی دے سکتے ہیں۔
فائونڈیشن نے رسول ﷺ سے محبت اور عشق رکھنے والوں کے لیے ایک شان دار موقع اور پلیٹ فارم مہیا کیا ہے ' 12ہزار یتیم بچے آپ کے تعاون کے منتظر ہیں' آپ فائونڈیشن کے اس پراجیکٹ میں شامل ہو کر 12ربیع الاول کے اس خوب صورت دن حضورﷺ کی یتیم پروری کی سنت زندہ کر سکتے ہیں۔ یہ سنت آپ کو خوف ' اضطراب' بے یقینی اور بے سکونی سے بھی نجات دلا ئے گی اور آپ کو قیامت کے دن حضورﷺ کا قرب بھی نصیب ہو گا۔
آپ نیچے دیے گئے اکاؤنٹ نمبر میں رقم جمع کروا کر فون نمبرز پر تفصیل بھیج دیں۔ فائونڈیشن کا نمایندہ آپ کو یتیم بچوں کی مکمل تفصیل اور آپ کی طرف سے جمع کردہ رقم کی رسید ارسال کرے گا۔
اکاؤنٹ نمبر:
فیصل بینک
اکائونٹ ٹائٹل: READ FOUNDATION
اکائونٹ نمبر3048308900031361 :
انٹرنیشنل بینک اکائونٹ نمبر: PK21FAYS3048308900031361
سوفٹ کوڈ: FAYSPKKA
بینک برانچ:گرائونڈ فلور ، گرینڈ جور پلازہ ، مین کری روڈ ، اسلام آباد
یو اے این:+92 (0) 51 111 323 424, +92 (0) 304 1111 424
موبائل نمبر:+92 (0) 314 5025 767, +92 (0) 309 8880 812
واٹس ایپ : +92 (0) 334 9272 523
ای میل ایڈریس:
[email protected]
ویب سائٹ: www.readfoundation.org