پولیس اور سی آئی ڈی کی کارروائیاں135ملزمان گرفتار

بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزمان مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے

ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے۔پولیس۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سی آئی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے 135 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ، ملزمان میں فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد بھی شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم اور مذہبی تنظیم سے ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی کے انسداد فرقہ ورانہ سیل کے انچارج فیاض خان نے 2 مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، انھوں نے بتایا کہ پہلی کارروائی سعید آباد میں کی گئی جہاں سے ٹارگٹ کلر ناصر کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ، ملزم کا تعلق ایک مذہبی جماعت سے ہے ، دوسری کارروائی نارتھ کراچی میں کی گئی جہاں سے ملزم ندیم اقبال کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے ، دونوں ملزمان فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث اور مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، صدر پولیس نے کارروائی میں 2 ملزمان محمد علی اور خرم کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، ایس ایچ او صدر عارف آفریدی نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے ۔




ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں ایس ایچ او کھارادر ادریس بنگش کے گارڈ سمیت درجنوں افراد کے قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ، اس کے علاوہ ملزمان پولیس مقابلوں ، بھتہ خوری اور اغوا کی وارداتوں میں بھی مطلوب تھے، پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے ، سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 91 چھاپوں اور 7 مقابلوں کے بعد 131 ملزمان کوگرفتار کرلیا ، ملزمان میں 10 اشتہاری و مفرور بھی شامل ہیں جبکہ 21 کو اسلحہ آرڈیننس اور 21 کو منشیات ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ، 4 ڈکیت و رہزن بھی پکڑے گئے ، ملزمان کے قبضے سے 25 ریوالور و پستول جبکہ ایک کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی ، بڑی تعداد میں منشیات بھی ضبط کی گئی ہے۔
Load Next Story