جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی

پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی فوٹو: فائل

FAISALABAD:
جونیئر ہاکی ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت پاکستان اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گا۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے جونیئر عالمی کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، بھارت کے شہر بھوبنیشور میں 24 نومبر تا 5 دسمبر کے درمیان کھیلے جانے والے اس عالمی ایونٹ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 16 ٹیموں میں میزبان ملک بھارت، پاکستان، جرمنی،بیلجیئم، ہالینڈ، سپین، ارجنٹائن، ملایشیا، ساوتھ افریقہ، چلی، کینیڈا، فرانس، پولینڈ، کوریا، امریکا اور مصر کی ٹیمیں شامل ہیں۔


ایف آئی ایچ شیڈول کے مطابق ٹیموں کو چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں بیلجیئم، ملایشیا، ساوتھ افریقہ اور چلی پول بی میں انڈیا ، کینیڈا، فرانس اور پولینڈ پول سی میں ہالینڈ، سپین، کوریا اور امریکہ پول ڈی میں جرمنی، ارجنٹائن، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔

پول ڈی میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جب کہ 27 نومبر کو پاکستان مصر کے مدمقابل اعزاز کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوگا۔ قومی ہاکی سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول راؤنڈ کا اپنا آخری میچ28 نومبر کو کھیلے گا۔
Load Next Story