امریکی نیوز چینل پر موسم کی خبر کے دوران غیراخلاقی ویڈیو چل گئی

ناظرین کی شکایات پر پولیس نے غیر اخلاقی ویڈیو چلانے پر نیوز چینل کیخلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں

ناظرین کی شکایات پر پولیس نے غیر اخلاقی ویڈیو چلانے کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں - فوٹو:یوٹیوب اسکرین شاٹ

امریکا کے ایک نجی نیوز چینل نے براہ راست موسم کی خبر کے دوران غیر اخلاقی ویڈیو چلا دی جس کے خلاف پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

امریکی ریاست واشنگٹن کے ایک مقامی نیوز چینل پر اتوار کے روز ناظرین نے اپنی ٹی وی اسکرین پر اُس وقت غیر اخلاقی ویڈیو دیکھی جب وہ موسم کی خبر دیکھ رہے تھے۔ شام 6 بج کر 30 منٹ پر خاتون اینکر موسم کی معلومات دے رہی تھیں کہ اسی دوران 13 سیکنڈز کے لیے چھوٹی اسکرین پر غیر اخلاقی ویڈیو بھی نشر ہوگئی۔ نیوز اینکر اسکرین پر غیر اخلاقی ویڈیو چلنے سے لاعلم رہیں اور موسم کا احوال بتاتی رہیں۔


واشنگٹن کے شہر سپوکین کی پولیس نے اسکرین پر غیر اخلاقی ویڈیو نشر کرنے کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے۔ سپوکین پولیس نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نجی نیوز چینل پر غیر اخلاقی ویڈیو دکھانے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، ناظرین نے بذریعہ ٹیلی فون پولیس کو اس متعلق بتایا اور کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیوز چینل کی انتظامیہ پولیس کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے۔

دوسری جانب نیوز چینل انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نشریات کے پہلے حصے میں غلطی سے غیر اخلاقی ویڈیو چل گئی جس پر معذرت خواہ ہیں اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ مستقبل میں دوبارہ کبھی ایسا نہ ہوا۔ موسم کی خبر کے دوران غیر اخلاقی ویڈیو چلنے کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا ہے۔
Load Next Story