پنجاب میں دیسی آٹا چکیوں کو سرکاری گندم مہیا کرنے کی منظوری

پنجاب میں لائسنس رکھنے والی آٹا چکی کو یومیہ 5 بوری سرکاری گندم کوٹہ دیا جائے، سرکلر جاری


رضوان آصف October 21, 2021
محکمہ خوراک پنجاب کے پاس مجموعی طور پر 846 آٹا چکیاں رجسٹرڈ ہیں فوٹو: فائل

لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں چکی آٹا کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے خاتمے اور عوام کو سستے داموں "دیسی آٹا" کی فراہمی کے لئے لائسنس یافتہ آٹا چکیوں کو سرکاری گندم مہیا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پنجاب میں چکی کے آٹے کی فی کلو قیمت 80 روپے جبکہ فلور مل کا ریگولر آٹا 55 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، آٹا چکی مالکان سرکاری گندم کی عدم فراہمی کو جواز بنا کر قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہتے ہیں، اپوزیشن بھی چکی کے آٹے (دیسی آٹا) کی قیمت کو استعمال کرکے حکومت کا تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

محکمہ خوراک پنجاب نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سرکلر جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوڈ گرین لائسنس رکھنے والی آٹا چکی کو یومیہ 5 بوری سرکاری گندم کوٹہ دیا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں موجود لائسنس یافتہ چکیوں کو سرکاری کوٹے کی فراہمی اور آٹا کی فروخت کے حوالے سے مانیٹرنگ سسٹم وضع کریں گے۔

اس وقت محکمہ خوراک کے پاس مجموعی طور پر 846 آٹا چکیاں رجسٹرڈ ہیں۔ سب سے زیادہ لائسنس یافتہ آٹا چکیاں لاہور ڈویژن میں موجود ہیں جن کی تعداد 300 ہے جبکہ ملتان ڈویژن میں 242 چکیاں موجود ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ خوراک نے غیر فعال فلورملز کی انسپکشن کے ایس او پیز بھی جاری کر دیئے ہیں ، اس وقت پنجاب میں ڈیڑھ سو کے لگ بھگ فلورملز غیر فعال قرار دی گئی ہیں۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق غیر فعال فلورملز محکمہ خوراک سے گندم کوٹہ لینے کیلئے اپنی درخواست کے ہمراہ مئی، جون،جولائی، اگست (چار ماہ) کے بجلی کے بل، ان چار ماہ میں نجی گندم کی پسائی کا ڈیٹا فراہم کرنے کے علاوہ فوڈ گرین لائسنس، مشینری کی تفصیلات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔سرکاری کوٹہ لینے کی اہل ہونے کیلئے مل انتظامیہ کو مذکورہ چار ماہ میں مجموعی طور پر 200 ٹن نجی گندم کی پسائی ثابت کرنا ہو گی جس کی تصدیق بجلی کے بلز سے ہونا لازم ہوگا۔ مذکورہ چار مہینوں کی گندم پسائی اور مارکیٹ سپلائی کی تصدیق محکمہ خوراک کے "فلورلیجر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم" سے ہونا لازم ہوگا تاہم اگر مل کی گرائنڈنگ کی تصدیق بجلی بل سے ہوتی ہے لیکن سافٹ ویئر میں ڈیٹا کی فیڈنگ میں کوئی کمی ہے تو پھر فلورملز کو 50 ہزار تا1 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کر کے سرکاری کوٹہ جاری کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔