این سی بی کا شاہ رخ خان کے گھر ’منت‘ پر چھاپہ
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے 18 روز بعد این سی بی نے شاہ رخ خان کے ممبئی میں واقع گھر''منت'' پر چھاپہ مارا ہے۔
این سی بی اہلکاروں کی شاہ رخ خان کے گھر پہنچنے کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ جن میں این سی بی اہلکاروں کے ہاتھوں میں دستاویزات اور کاغذات دیکھے جاسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق این سی بی اہلکار کنگ خان کے گھر مبینہ طور پر سرچ آپریشن کی غرض سے پہنچے ہیں۔ منت میں موجود ایک این سی بی آفیسر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تفتیش جاری ہے۔ آفیسر نے مزید کہا جب این سی بی افسران پوچھ گچھ کے لیےکسی شخص کے پاس یا کسی مقام پر جاتے ہیں تو اس کا یہ ہر گز مطلب نہیں ہوتا کہ وہ شخص مجرم ہے یا اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی آریان سے ملنے کیلئے جیل پہنچنے کی ویڈیو وائرل
یہ سرچ آپریشن اس وقت سامنے آیا ہے جب بدھ کے روز سینٹرل ایجنسی نے ممبئی کی عدالت میں آریان خان اور بالی ووڈ میں جلد ہی قدم رکھنے والی ایک اداکارہ کے پیغامات جمع کرائے اور دعویٰ کیا کہ ان پیغامات میں یہ دونوں منشیات پر بحث کررہے تھے۔
شاہ رخ خان کے گھر کے باہر این سی بی کی ٹیم کو اسی وقت دیکھا گیا جب ایک اور ٹیم کو اداکارہ آنانیا پانڈے کے گھر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ رپورٹس کے مطابق این سی بی نے اداکارہ آنانیا پانڈے کو سمن جاری کیا ہے اور انہیں 2 بجے این سی بی کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا ہے۔
واضح رہے کہ آریان خان کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان آج پہلی بار ان سے ملنے جیل پہنچے۔ رپورٹس کے مطابق آریان والد کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔
دوسری جانب گزشتہ روز ممبئی کی سیشن عدالت نے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد ان کی وکیل نے بومبے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس کی سماعت 26 اکتوبر کوہوگی۔