ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو ایک بار پھر گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ

27 نکات پر عملدرآمد مکمل کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، ذرائع


ویب ڈیسک October 21, 2021
27 نکات پر عملدرآمد مکمل کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، ذرائع - فوٹو:فائل

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو ایک بار پھر گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا 3 روزہ اجلاس ختم ہوگیا۔ فیٹف اجلاس میں حکومت پاکستان کی 27 ویں شرط پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ جرائم اور دہشت گردی کی مالیاتی معاونت کے خلاف عالمی کارروائی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی سزاؤں سے متعلق پاکستان کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا۔

فیٹف کے مطابق پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے خاطر خواہ پیشرفت کی ہے، اس حوالے سے پاکستان نے 6 میں سے 4 شرائط کو پورا کر لیا ہے جبکہ باقی ماندہ تین نکات پر بھی عملدرآمد کے لیے پیشرفت جاری ہے۔

فیٹف نے پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق اب تک کے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان کو آئندہ سال فروری تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیٹف کا کہنا ہے کہ بھرپور تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مارکوس پلیئر نے کہا کہ پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا، پاکستان کو جون میں ایف اے ٹی ایف کے ریجنل شراکت دار اے پی جی کی نشان دہی پر ایکشن پلان میں بڑی حد تک منی لانڈرنگ کے مسائل تھے، پاکستان مجموعی طور پر اس نئے ایکشن پلان پر بہتر کار کردگی دکھا رہا ہے، ایکشن پلان کے 7 میں سے 4 نکات پر عمل درآمد کیا گیا ہے، اس میں حکام کی فنانشل نگرانی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے قانونی ترامیم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کو منی لانڈرنگ کے خلاف قوانین پر عمل درآمد بہتر کرنا ہوگا، زمبابوے نے بہتر کارکردگی دکھائی، مالی، اردن اور ترکی نے نظام بہتر کیا ہے، ماریشیئس کو گرے لسٹ سے نکال رہے ہیں، آف شور کمپنیوں میں سرمائے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، آف شور کمپنیوں میں منی لانڈرنگ کے سرمائے کا جائزہ لیں گے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں، منی لانڈرنگ کی روک تھام میں پینڈورا پیپرز نے بھی معاونت کی۔

فیٹف اجلاس کے حوالے سے وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کے حوالے سے صورتحال کچھ عرصہ کے لیے جوں کی توں رکھنے کا فیصلہ ہوا، دونوں ایکشن پلانز کے بقایا نکات پر عملدرآمد کے لیے کافی کام کیا جا چکا ہے، فیٹف پاکستان کی پیشرفت کا اگلا جائزہ فروری 2022ء میں لے گا۔

جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 نکات پر عملدرآمد مکمل کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |