منشیات کیس اداکارہ اننیا پانڈے کی آج پھر طلبی

گزشتہ روز این سی بی آفیسرز نے اننیا پانڈے کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا تھا


ویب ڈیسک October 22, 2021
اننیا پانڈے اور کنگ خان کے بیٹے شاہ رخ خان ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ سوشل میڈیا پر رابطے میں تھے فوٹوفائل

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے منشیات کیس میں اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اداکارہ اننیا پانڈے کا نام سامنے آنے کے بعد انہیں این سی بی نے آج ایک بار پھر پوچھ گچھ کے لیے صبح 11 بجے اپنے آفس طلب کیا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گزشتہ روز بھی اننیا پانڈے کو این سی بی کے دفتر طلب کیا تھا جہاں ان سے منشیات کیس کے سلسلے میں تقریباً تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اننیا اپنے والد کے ہمراہ این سی بی کے دفتر پہنچی تھیں۔

این سی بی نے گزشتہ روز اننیا پانڈے کو اپنے دفتر طلب کرنے سے قبل ان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد

رپورٹس کے مطابق ممبئی کروز شپ ڈرگز کیس میں ایک ملزم کی واٹس ایپ چیٹ میں مبینہ طور پر اداکارہ اننیا پانڈے کا نام سامنے آنے کے بعد انہیں این سی بی کے دفتر طلب کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز این سی بی کے دفتر میں پیشی سے قبل ایک آفیسر کا کہنا تھا کہ کیونکہ اننیا پانڈے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ملزم ہیں۔

این سی بی ذرائع کے مطابق آریان خان اور اننیا پانڈے کے درمیان واٹس ایپ پر ہونے والی چیٹ سامنے آئی ہے جس میں دونوں ''گانجا'' کے بارے میں بات کرتے پائے گئے ہیں۔

واٹس ایپ چیٹ میں آریان خان نے اننیا پانڈے سے پوچھا کیا ''گانجا'' کا انتظام ہوسکتا ہے؟ جس کے جواب میں اننیا نے کہا ہاں وہ انتظام کریں گی۔ جب این سی بی اہلکاروں نے اننیا پانڈے سے ان پیغامات سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ آریان خان کے ساتھ مذاق کررہی تھیں۔

این سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں کی مزید باتیں بھی ہوئیں جن میں وہ دونوں مختلف مواقعوں پر دیگر نشہ آور اشیا کے بارے میں باتیں کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ اننیا پانڈے اور شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ سوشل میڈیا پر رابطے میں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: این سی بی کا شاہ رخ خان کے گھر 'منت' پر چھاپہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز جس وقت این سی بی اہلکاروں نے اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر چھاپہ مارا تھا اسی وقت کنگ خان کے گھر منت پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کنگ خان کے گھر پر چھاپہ سرچ آپریشن کی غرض سے مارا گیا تھا۔

یہ سرچ آپریشن اس وقت کیا گیا جب بدھ کے روز سینٹرل ایجنسی نے ممبئی کی عدالت میں آریان خان اور ایک بالی ووڈ اداکارہ کی واٹس ایپ چیٹ جمع کرائی تھیں اور دعویٰ کیا تھا کہ ان پیغامات میں یہ دونوں منشیات کے بارے میں بات کررہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |