ٹیکسٹائل انڈسٹری کاٹیکنالوجی اپ گریڈیشن پروگرام شروع

جدت پرسرمایہ کاری کرنیوالوںکو20 فیصدٹیکس و 5 فیصد مارک اپ سبسڈی ملے گی، چیئرمین اپٹما


Business Reporter September 11, 2012
جدت پرسرمایہ کاری کرنیوالوںکو20 فیصدٹیکس و 5 فیصد مارک اپ سبسڈی ملے گی، چیئرمین اپٹما۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے 2009 کی ٹیکسٹائل پالیسی کے تحت ''ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ'' پر عملدرآمد کا آغاز کردیا۔

یہ بات اپٹما کے چیئرمین یاسین صدیق نے وائس چیئرمین سینٹرل طارق سعود، وائس چیرمین آصف انعام اور عمران مقبول کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ''ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن پروگرام'' کے تحت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ماڈرنائزیشن اور اپ گریڈیشن پر ذاتی سرمایہ لگانے والے صنعتکاروں کو20 فیصد انکم ٹیکس سبسڈی جبکہ بینکوں سے قرضے لے کر سرمایہ لگانے والوں کو5 فیصد مارک اپ سبسڈی دی جائے گی۔

ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اسکیم پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کی صورت میں نئی مشینری کی تنصیب کا عمل بڑھ جائے گا جس سے توانائی کے استعمال میں کمی اور پیداواری استعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکے گا اور غالب امکان ہے کہ اس اسکیم کے علاوہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پیر کوایکسپورٹ ری فنانس کی شرح میں کمی اور گیس سیس کی شرح کم ہونے سے رواں سال ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 10 تا15 فیصد بڑھ جائیں گی تاہم یہ اضافہ صنعتوں کو بلارکاوٹ بجلی وگیس کی فراہمی سے مشروط ہے۔

یاسین صدیق نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس سیس کے نفاذ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں یکدم 25 فیصد اضافے سے آگہی کے بعد حکومت نے سیس 50 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردیا لہٰذا اپٹما کے بیوروکریسی کے ساتھ کسی ڈیل کے ذریعے سفارشات منوانے کا تاثر غلط ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں