عمران خان مذاکراتی عمل میں شامل ہوکر سیاسی بصیرت کا ثبوت دیں ایم کیوایم

امید ہے کہ عمران خان ہماری اور قوم کی متفقہ اپیل کا پاس رکھیں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے، رابطہ کمیٹی


ویب ڈیسک February 04, 2014
عمران خان ملک کی نازک صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے نتائج کی پرواہ کئے بغیر مذکرات میں شرکت کریں، رابطہ کمیٹی فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی نازک صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے نتائج کی پروا کئے بغیر مذاکراتی عمل میں شامل ہوجائیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کئی مواقع پر یہ کہتے آئے ہیں کہ وہ طالبان کو مسلمان اور پاکستانی سمجھتے ہیں، وہ یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ طالبان سے فی الفور مذاکرات کئے جائیں اگر کوئی اس کے لئے تیار نہیں ہوتا تو وہ بذات خود طالبان سے مذاکرات کرنے کے لئے تیار ہیں، اب جبکہ طالبان نے عمران خان کو اپنا نمائندہ بناکر پیش کیا تو نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر انہوں نے مذاکرات میں طالبان کی نمائندگی کرنے سے انکار کردیا۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم اور پاکستان کے تمام عوام یک زباں ہوکر ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے کر اس میں شرکت کریں اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی سیاسی بصیرت کا ثبوت دیں ۔ امید ہے کہ عمران خان ہماری اور قوم کی متفقہ اپیل کا پاس رکھیں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔