دنیا میں باعزت مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں آئین کی پاسداری کرنی ہوگی وزیراعظم

کوئی ایک جماعت یا ادارہ دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں کرسکتا پوری قوم کو متحد ہوکراس مسئلے سے نمٹنا ہوگا، وزیراعظم


ویب ڈیسک February 04, 2014
جمہوریت پاکستان کا مستقبل اور اثاثہ ہے، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے دنیا میں باعزت مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں آئین کی پاسداری کرنی ہوگی۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو کئی مسائل درپیش ہیں، پاکستان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کا ہے، دہشتگردی کے خلاف پولیس اور دوسرے اداروں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں لیکن یہ انتہائی پیچیدہ مسئلہ ہے جسے کوئی ایک جماعت یا ادارہ حل نہیں کرسکتا اور ہم پوری قوم کو متحد کر کے دہشتگردی کے مسئلے سے نمٹیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، قانون کی حکمرانی ہوگی تو سب کو انصاف ملے گا۔ پاکستان کو جدید اوراعتدال پسند ملک بنانا چاہتے ہیں، آئین کی بالادستی، اداروں میں توازن سے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنایا جاسکتا ہے، دنیا میں باعزت مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں آئین کی پاسداری کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی سب سے اہم چیلنج ہے اور موجودہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی اس میدان میں کئی اصلاحات کی ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکا سے برابری کی بنیاد پر تعلقات آگے بڑھا رہے ہیں، اس کے علاوہ بھارت کے ساتھ بھی بہتر تعلقات کے لئے تمام حل طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، اس سلسلے میں پاکستان افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں