بگ تھری کے معاملے پر جواصولی مؤقف اختیار کیا تھا اسی پر قائم ہیں صدرجنوبی افریقن کرکٹ بورڈ

بھارتی میڈیا پر چلنے والی خبرکہ جنوبی افریقا بگ تھری کی حمایت کردے گا جھوٹ کا پلندہ ہے، کرکٹ جنوبی افریقا


ویب ڈیسک February 04, 2014
جنوبی افریقا بھارت سمیت آئی سی سی میں موجود تمام ممبر ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، صدر جنونی افریقن بورڈ۔ فوٹو؛ فائل

جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ نے 'بگ تھری' تنازعے کے حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس کو جھوٹ کا پلندا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ جنوبی افریقا ہارون لوگارٹ کو آئی سی سی میں اہم عہدہ دیئے جانے پر ''بگ تھری'' کے مجوزہ متنازعہ مسودے کی حمایت کر دے گا اور اس حوالے سے انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارتی کرکٹ بورڈز سے رابطوں میں ہے۔

جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کے صدر کرس ننزانی کا کہنا تھا کہ ''بگ تھری'' کے حوالے سے آئی سی سی کے دبئی میں ہونے والے اجلاس میں جو اصولی موقف اختیار کیا گیا تھا اسی پر قائم ہیں، یہ بین الاقوامی کرکٹ کے لئے انتہائی مشکل وقت ہے اور اس حوالے سے غلط فیصلوں کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا بین الاقوامی کرکٹ کے معاملات کو تمام بورڈز کے ساتھ مل کر مشاورت کے ساتھ پروفیشنل طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے۔

صدر جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا بھارت سمیت آئی سی سی میں موجود تمام ممبر ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن ہم اپنے اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں