وزیراعظم عمران خان کی وزرا کو کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کی ہدایت

کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے بھی اپنی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کردیا


ویب ڈیسک October 23, 2021
ٹی ایل پی سے مذاکرات کے لئے حکومتی ٹیم میں نورالحق قادری، شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت شامل ہوں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیر نورالحق قادری سے ٹیلفونک رابطہ کرکے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اور کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج کے حوالے سے بات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیرداخلہ شیخ رشید کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہور میں ٹی ایل پی اور پولیس میں جھڑپیں، راولپنڈی میں کرفیو جیسی صورتحال

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کراچی سے لاہور پہنچ گئے ہیں اور وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی ٹیم آج لاہور میں ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے گی، حکومتی ٹیم میں پیر نورالحق قادری، شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت شامل ہوں گے۔

جب کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے بھی حکومتی ٹیم سے بات چیت کے لئے اپنی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کردیا ہے، کمیٹی میں مفتی محمد وزیر علی، علامہ غلام عباس فیضی، مفتی محمد عمیر الظاہری شامل ہیں، مفتی محمد وزیر علی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہورمیں کالعدم تنظیم کے کارکنان اور پولیس میں تصادم، 2 اہلکار شہید

وفاقی پیر نورالحق قادری نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے علمائے کرام سے ٹیلفونک رابطے کئے ہیں، وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کے لئے لاہور روانہ ہوگئے ہیں، وزیر داخلہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے خصوصی طیارے میں لاہور روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور بھی تھے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد آج لاہور میں کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے گا، مذاکرات میں صوبائی حکومتی وفد بھی ساتھ ہوگا، جب کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے نمٹنے کے لئے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سے پولیس فورس مانگ لی ہے۔ وزارت داخلہ نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریوں کو اسلام آباد کی سیکورٹی کے لئے اینٹی رائٹ فورس دستے بھجوانے کے لئے مراسلے بھیج دیئے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر 10،10 ہزار نفری پر مشتمل پولیس دستے اسلام آباد بھیجیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |