ہماری حتمی کمیٹی مولانا سمیع الحق پروفیسرابراہیم اورمولانا عبدالعزیز پر مشتمل ہے ترجمان طالبان

ملک میں امن کے لئے اب جسے بھی مذاکرات کرنے ہیں وہ ہماری اسی کمیٹی سے کریں، شاہد اللہ شاہد


ویب ڈیسک February 04, 2014
تحریک طالبان کی جانب سے 5 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کے لئے ان کی جانب سے اعلان کردہ کمیٹی میں شامل موجودہ افراد ہی ہمارے حتمی نمائندے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپنے بیان میں شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کے لئے 5 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم دو ارکان کی کمیٹی میں شمولیت سے دستبرادری کے بعد اب یہ کمیٹی 3 رکنی ہوگئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے لئے اب جسے بھی مذاکرات کرنے ہیں وہ اسی کمیٹی سے کریں۔

دوسری جانب طالبان کی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے یہ وضاحت پیش کردی گئی ہے کہ ہماری صرف یہ 3 رکنی حتمی کمیٹی ہے اور یہ کمیٹی ان کے لئے 50 ممبران سے بھی زیادہ اہم ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کمیٹی کو اللہ تعالیٰ کا انعام سمجھیں کہ انہیں طالبان سے رابطے کا ذریعہ مل رہا ہے ورنہ حکومت کی ان تک رسائی بھی ممکن نہیں لیکن حکومت اللہ کے اس انعام کی قدر نہیں کر رہی۔

واضح رہے کہ حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا آج مشترکہ اجلاس ہونا تھا تاہم حکومتی کمیٹی نے طالبان کی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں