’’ریزرو‘‘ سرفراز کو ضرورت پر آزمایا جائے گا

اسپنرز کو شعیب بھی اچھا کھیلتے ہیں،شاداب سے امیدیں وابستہ ہیں، بابر اعظم

گیم پلان کے مطابق کھیلتا اور اسی پر توجہ مرکوز رکھتا ہوں،کپتان۔ فوٹو : فائل

بابر اعظم نے ''ریزرو'' سرفراز احمد کو ضرورت پڑنے پر آزمانے کا ''وعدہ'' کرلیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کیخلاف میچ کیلیے بہترین پلیئنگ الیون بنانے کی کوشش کی، ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع دیا جائے گا، شعیب ملک بھی ٹیم میں موجود اور وہ بھی اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، شاداب خان کی باڈی لینگویج اور جوش و خروش سب کے سامنے ہے، وہ پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں، امید ہے کہ اس ورلڈکپ میں بھی ٹیم کا اہم مہرہ ثابت ہوں گے۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے 100فیصد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلیے کہا ہے، انھوں نے باقی باتوں کو بھول کر صرف کرکٹ پر توجہ دینے کی ہدایت دی، بورڈ کی سربراہ کی گفتگو سے کھلاڑیوں کا حوصلہ اور اعتماد بڑھا ہے، وہ نہ صرف بھارت کیخلاف میچ بلکہ پورے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کیلیے پر عزم ہیں۔


انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی پرفارمنس کرنے اور ورلڈکپ جیتنے کیلیے بے تاب ہیں، ہم ہر نئے میچ کیلیے الگ پلان بنائیں گے،اصل مقصد یہی ہوگا کہ حریف کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کریں،میں پراعتماد ہوں کہ کھلاڑی ایسا کرنے کا ٹیلنٹ رکھتے ہیں۔

اسٹرائیک ریٹ کے بارے میں سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ میں اپنے گیم پلان کے مطابق کھیلتا اور اسی پر توجہ مرکوز رکھتا ہوں، میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ میچ کی صورتحال کے مطابق میرے رنز ٹیم کے کام آسکیں۔

 

 
Load Next Story