پاکستان اور بھارت 2 سال بعد مدمقابل

آخری بار دونوں ٹیمیں ورلڈکپ 2019 میں آمنے سامنے آئی تھیں


Numainda Khususi October 24, 2021
مختصر طرز کے میگا ایونٹ میں پانچوں باہمی میچز میں بلو شرٹس فاتح رہے۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان اور بھارت کا کرکٹ میں 2 سال بعد مقابلہ ہوگا جب کہ آخری بار دونوں ٹیمیں ورلڈکپ 2019 میں آمنے سامنے آئی تھیں۔

سیاسی وجوہات کی بنا پر بھارت پاکستان کے ساتھ آئی سی سی ایونٹس کے سوا کرکٹ نہیں کھیلتا ہے، دونوں ٹیمیں آخری بار ورلڈکپ 2019 میں مدمقابل آئی تھیں، مانچسٹر ،انگلینڈ میں کھیلا گیا میچ بھارت نے 89 رنز سے جیتا تھا، روہت شرما نے 140 رنز کی اننگز کھیلی تھی،اب یو اے ای میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہو رہا ہے۔

دبئی میں 2018کے ون ڈے ایشیا کپ میں 2 بار پاک بھارت مقابلہ ہوا، بلو شرٹس نے ایک میچ 9 اور دوسرا 8 وکٹ سے جیتا تھا،50 اوورز کے ورلڈکپ کی طرح ٹی ٹوئنٹی کے میگا ایونٹ میں بھی گرین شرٹس کا روایتی حریف کے خلاف ریکارڈ مایوس کن ہے اور اس نے کوئی میچ نہیں جیتا،درحقیقت مختصر طرز کے تو پانچوں میچز میں پاکستان کو بھارت سے شکست ہوئی ہے۔

گزشتہ 10 برسوں کے دوران پاکستان نے 139 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سے 77 جیتے ہیں، سرفراز احمد کی زیرقیادت ٹیم کافی عرصے نمبر ون رہی مگر قیادت میں تبدیلی سے کارکردگی بھی متاثر ہوئی،گرین شرٹس 2007 کے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں رنرز اپ رہے اور پھر 2 سال بعد یونس خان کی زیرقیادت ٹائٹل جیت لیا، البتہ2016میں ٹیم سیمی فائنل میں رسائی سے محروم رہی اور سپر 10 میں سفر ختم ہو گیا تھا۔

پاکستان کو 4 میچز میں محض 1 ہی فتح نصیب ہوئی تھی،2014 میں بھی ٹیم فائنل فور میں جگہ نہیں بنا سکی تھی،البتہ اس بار گروپ میں صرف 2 ہی مضبوط ٹیمیں بھارت اور نیوزی لینڈ کی موجودگی کے سبب پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کا اچھا موقع مل گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں