بگ تھری کے معاملے پر کئی ممالک نے اپنا مؤقف تبدیل کردیا لیکن ہم ثابت قدم رہے ذکا اشرف

بگ تھری کے معاملے پر دیگر 5 کرکٹ بورڈز کیساتھ ہم آہنگی ہوئی تاہم ان میں سے چند بورڈز نے اپنا مؤقف تبدیل کردیا،ذکا اشرف


ویب ڈیسک February 04, 2014
پی سی بی نےبیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کے لئے اشتہارات دے دیئے ہیں، ذکا اشرف فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ بگ تھری کی مخالفت کرنے والے کئی ممالک نے اپنا مؤقف تبدیل کردیا لیکن ہم آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ بگ تھری کرکٹ پر اجارہ داری کا منصوبہ ہے اور پاکستان ہی کی بدولت آئی سی سی پر بگ تھری کی اجارہ داری کا منصوبہ ناکام ہوا، بگ تھری کے معاملے پر ہم نے جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کیا اور ثابت قدم رہے اور آگے بھی ہر فیصلہ سوچ سمجھ کر اور پاکستان کے مفاد میں کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ آئی سی سی کے دوسرے اجلاس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ہوجائے تاکہ ان کی ہدایات کے بعد ہم کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر دیگر 5 کرکٹ بورڈز کے ساتھ ہم آہنگی ہوئی تاہم بعد ازاں ان میں سے چند بورڈز نے اپنا مؤقف تبدیل کردیا لیکن بگ تھری کی تجاویز پر پی سی بی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے عدلیہ نے کام کرنے سے روکا تھا اور پھر اسی نے کام کرنے کی اجازت دے کر دوبارہ عزت بخشی جس کے لئے وہ عدلیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کے لئے اشتہارات دیئے ہیں جب کہ کوچ کمیٹی میں شمولیت کے لئے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم سے بھی درخواست کی گئی تھی جو انہوں نے قبول کرلی اور مذکورہ کمیٹی جب اپنی سفارشات مکمل کرلے گی تو اس حوالے سے فیصلہ کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں