قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کے ہوٹل میں خود کش حملے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسال دار کے ہوٹل میں خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اس وقت اڑا لیا جب وہاں لوگ کھانا کھانے میں مصروف تھے جس کے نتیجے میں ہوٹل میں آگ لگ گئی جب کہ قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا جہاں اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق خودکش حملہ آور کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان تھی جس نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی جبکہ حملہ آور کا سر اور ٹانگیں بھی جائے وقوعہ سے مل گئی ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت شوکت یوسف زئی نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اوراسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے جب کہ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی قصہ خوانی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک نفاذ فقہہ جعفریہ کے رہنما جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ 2 روز قبل بھی اسی علاقے میں واقع ایک سینما گھر میں بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو ئے تھے جس کے بعد علاقے کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔