کراچی گھگھر پھاٹک کے قریب دھماکے سے ٹرین کی کئی بوگیاں الٹ گئیں بچی جاں بحق متعدد زخمی
لانڈھی اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کی کئی بوگیاں الٹنے سے ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شالیمار نائٹ کوچ کراچی سے لاہور جارہی تھی کہ گھگھر پھاٹک اور دھابیجی کے درمیان اسے نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے اس کی 3 بوگیاں الٹ گئیں، عینی شاہد کے مطابق دھماکا ریلوے ٹریک پر رکھے بم پھٹنے سے ہوا جس سے ٹریک کا کچھ حصہ بھی تباہ ہوا، شہر سے دور ہونے اور اندھیرے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑاجب کہ پولیس اور رینجرز نے بھی علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔
ریلوے حکام نے دھماکے کے فورا بعد کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا تھا تاہم رات گئے ڈاؤن ٹریک کی مرمت کر کے ٹرینوں کی آمدورفت کو بحال کردیا گیا ،ریلوے حکام کے مطابق شالیمار اورخیبرمیل ایکسپریس کو کینٹ اسٹیشن سے روانہ کیا گیا جبکہ فرید ایکسپریس کو لانڈھی اسٹیشن سے روانہ کیا گیا۔ریلوے حکام کا کہا ہے کہ اپ ٹریک کی بحالی کا کام بھی جاری ہے جسے جلد مکمل کرکے ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔