طوفانی بارشوں نے کئی فصلوں کوبھاری نقصان پہنچا دیا

کاٹن بیلٹ زیادہ متاثر،ڈھائی تا3 لاکھ گانٹھ کے مساوی پھٹی ضائع ہو چکی، احسان الحق


Ehtisham Mufti September 11, 2012
کاٹن بیلٹ زیادہ متاثر،ڈھائی تا3 لاکھ گانٹھ کے مساوی پھٹی ضائع ہو چکی، احسان الحق۔ فوٹو: اسرارالحق/فائل

ملک میں طوفانی بارشوں کے باعث کپاس، دھان، گنا و دیگر فصلوں کوبھاری نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اورگزشتہ 2 روز کے دوران بارشوں کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایگریکلچرل سیکٹر کے باخبرذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ بارشوں میں شدت بڑھنے کی وجہ سے پنجاب کے اضلاع رحیم یار خان، بہاولپور، بہاول نگر، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، ملتان ، ساہیوال، خانیوال ، فیصل آباد، سندھ کے اضلاع سانگھڑ، میرپور خاص، بدین، نواب شاہ، حیدر آباد، سکھر، خیرپور میرس، گھوٹکی اور ٹنڈو اللہ یار جبکہ بلوچستان کے اضلاع سبی، نصیرآباد اور جعفر آباد میں کپاس کی فصل کو غیر معمولی نقصان پہنچنے سے پھٹی کی چنائی اور کاٹن جننگ کا عمل مکمل طور پر معطل ہوگیا ہے۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ بارشوں سے ڈھائی تا 3 لاکھ گانٹھوں کے مساوی پھٹی مکمل طور پر ضائع ہو چکی ہے۔ فیڈرل سیڈ سرٹیفیکشن ڈپارٹمنٹ کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد بوٹا سرور نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ کھیتوں سے بارش کے رکے ہوئے پانی کا فوری طور پر نکاسی کا بندوبست کریں ورنہ پھول گرنے کے ساتھ جڑی بوٹیوں کی افزائش سے ملی بگ و دیگر سنڈیوں کے حملے میں بھی اضافے کے خطرات ہیں جس سے فی ایکٹر پیداوار میں غیر معمولی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق بارشوں سے سندھ کے اضلاع میر پور خاص اور سانگھڑ میں دھان کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا، کندھ کوٹ، کشمور، جیکب آباد، شکارپور اور شہداد کوٹ میں بھی دھان کی فصل کو طوفانی بارشوں کو بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات ہیں۔ ماہرین کے مطابق بارشیںجاری رہیں تو فصلوں کو مزید نقصان ؎ہو سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں