میٹرک کے نتائج سے چند روز قبل چیئرمین حیدر آباد بورڈ فارغ

امتحانی نتائج کے اجرا سے چند روز قبل چیئرمین بورڈ کی سبکدوشی نے کئی سوالات پیدا کر دیے۔


Safdar Rizvi October 26, 2021
چارج میر پور خاص تعلیمی بورڈ کے قائم مقام چیئرمین پروفیسر برکات علی کے حوالے کر دیا گیا۔ فوٹو : فائل

سندھ کے وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے چیئرمین حیدر آباد تعلیمی بورڈ ڈاکٹر محمد میمن کو عہدے سے فارغ کر دیا ہے اور حیدرآباد بورڈ کا چارج میر پور خاص تعلیمی بورڈ کے قائم مقام چیئرمین پروفیسر برکات علی حیدری کے حوالے کردیا ہے۔

چیئرمین حیدرآباد بورڈ کو ایسے وقت میں عہدے سے سبکدوش کیا گیا ہے جب بورڈ کے تحت میٹرک کے نتائج تیاری کے حتمی مراحل میں ہیں اور چند روز میں نتائج کا اجراہونا ہے۔

میٹرک کے نتائج کے اجرا سے چند روز قبل چیئرمین بورڈ کی سبکدوشی اور مستقل چیئرمین کے بجائے کسی دوسرے چیئرمین کو عارضی چارج دینے کے فیصلے نے کئی سوالات پیدا کردیے ہیں۔

اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز منصور عباس کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد میمن مسلسل دو بار چیئرمین کے عہدے کی تین سالہ مدت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ 6 ماہ کی توسیع کا عرصہ بھی پورا کرچکے ہیں لہذا انھیں فارغ کیا جارہا ہے اور یہ چارج میرپورخاص بورڈ کے چیئرمین کے سپرد ہوگا،حیدر آباد بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد میمن کو تو اس فیصلے کے ضمن میں ہٹادیا گیا تاہم اب تک نئے چیئرمین بورڈ کے تقرر کے سلسلے میں پیش رفت نہیں کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزیر اس شش و پنج میں مبتلا ہیں کہ اس فیصلے کے تسلسل میں آئندہ ماہ وہ سکھر بورڈ کے چیئرمین مجبتی شاہ کو عہدے سے کس طرح سبکدوش کریں گے کیونکہ وہ حال ہی میں عدالتی حکم پر رہائی پانے والے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے بھائی ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کی ہدایت پر تینوں تعلیمی بورڈز میں تقرری کا عمل رکا ہوا ہے، تینوں تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کی گزشتہ مدت ملازمت ختم ہونے پر پہلے ہی اشتہار جاری ہوچکا تھا اور جاری اشتہار کے ضمن میں موصول ہونے والی درخواستوں کی نہ صرف اسکروٹنی مکمل ہو چکی ہے بلکہ 90 کے قریب امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے بھی بلایا جا کا تھا۔

یہ انٹرویو 24 اگست سے 28 اگست تک ہونے تھے تاہم 21 اگست کو اچانک ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کاحکم ثانی یہ انٹرویوز ملتوی کردیے گئے ہیں جس کے بعد سے تاحال یہ انٹرویوز نہ ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں