حکومت کا حصہ بننے یا نہ بننے کا فیصلہ پیپلز پارٹی قیادت کرے گی ثنا اللہ زہری

ہمارا ہدف ہے کہ صوبے میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت بنے، ثناءاللہ خان زہری


ویب ڈیسک October 26, 2021
کوشش ہوگی آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی بنے، ثناءاللہ خان زہری فوٹو: فائل

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی نئی حکومت میں شمولیت کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

بلوچستان اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ نواز شریف کے زمانے میں سیاسی جماعتیں میرے پاس آئیں، چونکہ اس وقت مسلم لیگ (ن) صوبے میں اکثریت میں تھی اور (ن) لیگ نے مجھے پارلیمانی لیڈر نامزد کرکے وزارت اعلیٰ کا امیدوار بنایا تاہم نوازشریف نے مجھے بلایا، اس وقت تک میرے بچوں کا کفن بھی میلا نہیں ہوا تھا یہ واقعہ تازہ تھا لیکن میں گیا، نواز شریف نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے لئے ڈھائی ڈھائی سال کا فارمولہ طے پایا ہے اگر میں انکار کرتا تو صوبے میں اکثریت سے وزیراعلیٰ بن سکتا تھا تاہم میں نے اس وقت بھی پارٹی کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو وزیراعلیٰ بنایا اور ڈھائی سال تک ہر طریقے سے ان کی حمایت کی۔

ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں جو ہوا سو ہوا پارٹی کا فیصلہ تھا کہ اپوزیشن کا ساتھ دیا جائے جسے تسلیم کیا، بلوچستان اسمبلی میں شروع دن سے اپوزیشن میں رہا ہوں ، آئندہ حکومت کیلئے ایک ڈرافٹ تیار کیا ہے جو ناانصافیاں ماضی میں ہوئی ہیں دوبارہ نہیں ہونی چاہیے۔ غیر منتخب لوگوں کو فنڈز دیئے گئے ان کے کہنے پر انتظامی افسران تعینات کئے گئے ، بیڈ گورننس کی انتہاء کی گئی اس دوران منتخب نمائندوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں تھا ہم تو اپوزیشن میں تھے، بی اے پی کے لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ جام کمال کو وقتا فوقتا چیزیں بتائیں مگر وہ نہیں مانے ان کا اپنا مزاج تھا، آج ان کی اپنی جماعت ہی ان کے خلاف ہوگئی۔

ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ اپنی پارٹی کیلئے صوبے میں کام کریں گے اور کوشش ہوگی آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی بنے، ہمارا ہدف ہے کہ صوبے میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت بنے۔ آئندہ حکومت کا حصہ بننے سے متعلق فیصلہ پارٹی کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |