جو مظاہرین پرظلم کرے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں فضل الرحمان

نواز شریف کے خلاف مظاہرہ ٹھیک تھا اور عمران خان کے خلاف غلط ہے، سربراہ پی ڈی ایم


ویب ڈیسک October 27, 2021
نواز شریف کے خلاف مظاہرہ ٹھیک تھا اور عمران خان کے خلاف غلط ہے، سربراہ پی ڈی ایم (فائل فوٹو)

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جو حکومت مظاہرین کو مارے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا کالعدم تنظیم کا جمہوری اور قانونی حق ہے، لاہور میں ان پر تشدد کیا گیا، انسانی حقوق پامال ہوئے ہیں، مظاہرین کا ایک مطالبہ ہے جس کے حق میں وہ احتجاج کر رہے ہیں، نواز شریف کے خلاف مظاہرہ ٹھیک تھا اور عمران خان کے خلاف غلط ہے؟، حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں، معاملات کو شائستگی سے حل کیا جائے، جو حکومت مظاہرین کو مارے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے آنے والی حکومت کیسے بلدیاتی انتخابات کراسکتی ہے، الیکشن کمیشن خود اعتراف کررہا ہے کہ ووٹر لسٹیں مشکوک ہیں، اور ووٹرز کی تصدیق کا عمل شروع کررہے ہیں، ہم اس بلدیاتی الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے، مشکوک انتخابی فہرستوں پر الیکشن کرانے کا کیا معنی ہے، عجیب بات ہے ویلیج کونسل انتخابات غیرجماعتی اور تحصیل کونسل جماعتی ہوں گے، یہ فیصلہ لوگوں کو زبردستی پی ٹی آئی میں شامل کرنے کیلئے ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو ہٹانے کیلئے میدان عمل میں ہیں، اور پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر ہے، ہمارا مطالبہ ہی عام انتخابات کا ہے، دھاندلی کی پیداوار حکومت کے زیرسایہ انتخابات کیسے قبول کر سکتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ زیرغور ہے، الیکشن کمیشن میں اپنے تحفظات پیش کریں گے، آئینی و قانونی ماہرین سے مشورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں