فنکار بھی سرکاری ٹی وی کے شو میں شعیب اختر سے بدتمیزی پر نالاں

بدتمیزی کے باوجود شعیب اختر نے صبر کا مظاہرہ کیا، یہ اچھی پرورش کی نشانیاں ہیں، اداکار عدنان صدیقی


ویب ڈیسک October 27, 2021
بدتمیزی کے باوجود شعیب اختر نے صبر کا مظاہرہ کیا، یہ اچھی پرورش کی نشانیاں ہیں، عدنان صدیقی - فوٹو:فائل

سرکاری ٹی وی پر میزبان کی پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ شو میں بدتمیزی کے خلاف فنکار بھی نالاں ہیں اور اس کی بھرپور مذمت کر رہے ہیں۔

'راولپنڈی ایکسپریس' کے لقب سے مشہور شعیب اختر کے ساتھ گزشتہ روز پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام میں میزبان نعمان نیاز نے بدتمیزی کی تھی جس کی سوشل میڈیا پر بھرپور مذمت کی جا رہی ہے۔ پروگرام میں شعیب اختر نے حارث رؤف کی تعریف کی جو میزبان کو گوارا نہ گزری۔ نعمان نیاز نے شعیب اختر کو شو چھوڑ کر چلے جانے کو کہا جس پر شعیب اختر پی ٹی وی سے استعفیٰ دے کر شو سے چلے گئے۔

میزبان نعمان نیاز کی شعیب اختر کے بدتمیزی پر معروف اداکار عدنان صدیقی کا بیان سامنے آیا ہے۔ عدنان صدیقی نے بدتمیزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کرنے پر شعیب اختر کی تعریف کی اور کہا کہ شعیب اختر نے اپنے ساتھ ہونے والی بدتمیزی کو صبر کے ساتھ برداشت کیا، اگر ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ اپنے غصے پر قابو نہیں رکھ پاتا، یہ اچھی پرورش کی نشانیاں ہیں۔





معروف گلوکار علی ظفر نے شعیب اختر کی حمایت میں ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز اور عام طور پر ایک دوسرے کا احترام کرنا ضرور سیکھنا چاہیے، ہمیں اپنی رائے دینے کا حق بالکل ہے تاہم دوسروں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے اس کے لیے الفاظ کا صحیح انتخاب اور ساتھ ہی مہذب انداز میں ان کا اظہار بھی اہم ہے۔ علی ظفر نے لکھا 'شعیب اختر، آپ ایک لیجنڈ ہیں'۔

اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بحث و مباحثہ ہر ٹی وی شو میں ہوتا ہے لیکن کوئی بھی میزبان کسی مہمان کو شو چھوڑ کر جانے کا حکم نہیں دیتا، یہ کسی بھی مہمان کو مخاطب کرنے کا ٹھیک طریقہ نہیں تھا، نعمان نیاز کو کم از کم شعیب اختر سے معافی مانگنی چاہیے تھی۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |