وفاقی حکومت کا صوبوں کو قومی محاصل سے کم ادائیگیوں کا انکشاف

صوبوں نے این ایف سی کے مطابق وصولیوں کے لیے وفاقی حکومت کو خطوط لکھ دیے


Irshad Ansari February 05, 2014
پہلی ششماہی کا حصہ 23.13 ارب ہے، 16.8 ارب دیے گئے، محکمہ خزانہ سندھ کا وفاق کو خط فوٹو : فائل

وفاقی حکومت کی طرف سے رواں مالی سال 2013-14 کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران قابل تقسیم محاصل اور رائلٹی سمیت دیگر ٹرانسفرز کی مد میںصوبوں کو ان کے حصے سے کم ادائیگیاں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، صوبوں نے اپنے واجبات کی وصولی کے لیے وفاق سے رجوع کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان نے وفاقی حکومت کو خطوط لکھے ہیں جس میں وفاق سے کہا گیا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے قومی محاصل میں صوبوں کے حصے کے مطابق واجبات کی ادائیگی کی جائے اور وفاق کی طرف سے صوبوں کو کی جانے والی ٹرانسفرز اور اصل حصے کے واجبات کے ساتھ ری کنسیلیشن کرکے پہلی ششماہی کے باقی رہ جانے والے واجبات ادا کیے جائیں تاکہ اپنی مالی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق سندھ حکومت کے فنانس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے وفاق کو لکھے جانے والے لیٹر نمبر SO(Res-III)11(3)/2012-13 کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران قومی محاصل میں سندھ کا حصہ 23 ارب 13 کروڑ 80 لاکھ 74 ہزار روپے بنتا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے 16 ارب80کروڑ 42 لاکھ 60 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں اور صوبائی حکومت نے 6ارب 33کروڑ38 لاکھ 28 ہزار روپے کے واجبات وصول کرنا ہیں جو وفاق کی طرف سے فراہم نہیں کیے جارہے۔



مذکورہ لیٹر میں سندھ حکومت کی طرف سے وفاق سے درخواست کی گئی ہے کہ 6ارب 33کروڑ 38 لاکھ 28ہزار روپے کے واجبات جلد سے جلد جاری کیے جائیں تاکہ سندھ حکومت اپنی مالی ضروریات پوری کرسکے۔ دستاویز کے مطابق لیٹر میں تفصیلات دی گئی ہیں کہ پہلی ششماہی کے لیے خام تیل پر رائلٹی کی مد میں6ارب 41کروڑ12 لاکھ 14 ہزار روپے کے واجبات میں سے 2ارب82 کروڑ 55 لاکھ 35 ہزار روپے دیے گئے اور وفاق پر3ارب 58 کروڑ 56 لاکھ 79 ہزار روپے واجب الادا ہیں، اسی طرح گیس پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں سندھ کا حصہ 3ارب 54 کروڑ 3 لاکھ 62 ہزار روپے تھا جس میں سے 2 ارب14 کروڑ 55 لاکھ21ہزار روپے دیے گئے ہیں اور اس مد میں 1 ارب39 کروڑ 48 لاکھ 41 ہزار روپے کے واجبات ہیں، اسی طرح گیس پر رائلٹی کی مد میں 13 ارب 18 کروڑ 64 لاکھ 98 ہزار روپے ادا کرنا تھے جس میں سے 11 ارب 83 کروڑ31 لاکھ 90ہزار روپے فراہم کیے گئے اور اس مد میں سندھ حکومت نے وفاق سے 1 ارب 35 کروڑ 33 لاکھ 8 ہزار روپے کے واجبات وصول کرنا ہیں لہٰذا وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ یہ واجبات فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ سندھ حکومت اپنی مالی ضروریات پوری کر سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں