فیروز خان کا ڈرامے ’’خدا اور محبت‘‘ سے متاثر نوجوان سے متعلق بیان

فیروز خان نے نوجوان پر تنقید کرتے ہوئے اسے کم وقت میں شہرت حاصل کرنے کا حربہ قرار دیا


ویب ڈیسک October 28, 2021
نوجوان عظیم اللہ قریشی ڈرامے اور اس کے ہیرو فرہاد سے بے حدمتاثر ہے فوٹوفائل

اداکار فیروز خان نے ڈراما سیریل ''خدا اور محبت'' سے متاثر ہوکر مزار پر بیٹھنے والے نوجوان سے متعلق بیان دیا ہے۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر عظیم اللہ قریشی نامی نوجوان کی چند تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ ڈراما سیریل ''خدا اور محبت سیزن3'' کے مرکزی کردار فرہاد کی طرح محبت کی ناکامی پر مزار پر جابیٹھتا ہے۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ یہ نوجوان ڈرامے اور اس کے ہیرو فرہاد سے بے حد متاثر ہے اور اس نے بالکل اسی طرح ملنگ کاحلیہ بنایا ہوا ہے جیسا کہ ڈرامے میں فیروز خان کا حلیہ ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب فیروز خان سے اس نوجوان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے نوجوان پر تنقید کرتے ہوئے اسے کم وقت میں شہرت حاصل کرنے کا حربہ قرار دیا۔



فیروز خان نے کہا دیکھیں ہم لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم لوگ اب ایسے وقت سے گزررہے ہیں جہاں پر لوگ شہرت کے لیےکچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔ اور ان لوگوں کو اس بات کا احساس نہیں کہ اپنے ساتھ ساتھ وہ اپنے ارد گرد موجود لوگوں اور اپنے ملک کو ان حرکتوں کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔

فیروز خان نے مزید کہا اگر اب ٹک ٹاک کی بات کریں یا حال ہی میں ہونے والے چند سانحات کی بات کریں جنہوں نے پاکستان کا نام بہت زیادہ خراب کیا اور ان کے پیچھے کوئی سچائی نہیں تھی، تو مجھے ایسا لگتا ہے ہم ان چیزوں کو جتنی توجہ دیں گے یہ اتنی ہی زیادہ بڑھیں گی۔ لہذا میں نا تو ان چیزوں کو زیادہ دیکھتا ہوں اور نا ان پر زیادہ بات کرتا ہوں اور ناہی ان کے بارے میں سوچتا ہوں۔



واضح رہے کہ ڈرامے ''خدا اور محبت'' سے متاثر نوجوان عظیم اللہ قریشی جمعہ کے روز ملتان میں حضرت شاہ شمس تبریز کے مزار پر جوگی کے حلیے میں بیٹھ جاتا ہے اور اپنی محبت کو یاد کرکے تسبیح پڑھتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں