کراچی میں عمارت تجوری ہائیٹس کو بارود سے گرانے کا حکم دیں گے چیف جسٹس

کل تک کلائنٹ سے پوچھ کر بتائیں خود گرائیں گے یا ہم حکم دیں ؟، سپریم کورٹ


ویب ڈیسک October 28, 2021
کل تک کلائنٹ سے پوچھ کر بتائیں خود گرائیں گے یا ہم حکم دیں ؟، سپریم کورٹ

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ریلوے کی زمین پر زیرتعمیر نجی عمارت تجوری ہائیٹس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ریلوے اراضی پر عمارت تجوری ہائیٹس کی تعمیر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل تجوری ہائٹس رضا ربانی سے کہا کہ آپ کو ملکیت منتقل ہی نہیں ہوئی، اگر ترمیم کی اجازت ملی بھی تو سروے 190 کی ملی، آپ سروے 188 میں تر میم کا دعوی کیسے کرسکتے ہیں؟، آپ ایک پراپرٹی کی جگہ دوسری پراپرٹی کا ایڈریس کیسے لکھ سکتے ہیں ؟۔

رضا ربانی نے کہا کہ زمین سندھ حکومت نے پرانے مالک کو الاٹ کی تھی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ زمین کسی کی بھی ہو مگر فی الحال آپ کی نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ طے ہوچکا ہے کہ عمارت غیر قانونی ہے، دستاویزات میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے، آپ پیسے دے کر ریونیو سے کچھ بھی کراسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے عمارت گرانے سے متعلق وکیل سے جواب طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ کل تک کلائنٹ سے پوچھ کر بتائیں خود گرائیں گے یا ہم حکم دیں ؟، یہ نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے اگر نہیں رکا تو کبھی نہیں رکے گا، جو بھی اسٹرکچر ہے ہم ڈیٹونیٹر سے گرانے کا حکم دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں