ٹی ایل پی احتجاج ایک ہفتے سے اضافی ڈیوٹی والی پولیس فورس کا مورال ڈاؤن

ڈیوٹی پوائنٹس پر رہائش اور کھانے پینے کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے پولیس فورس بد دل

ڈیوٹی پوائنٹس پر رہائش اور کھانے پینے کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے پولیس فورس بد دل

ٹی ایل پی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے گزشتہ ایک ہفتے سے اضافی ڈیوٹی کرنے والی پولیس فورس کا مورال ڈاؤن ہونے لگا۔

ڈیوٹی پوائنٹس پر رہائش اور کھانے پینے کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے پولیس فورس بد دل ہونے لگی، پولیس ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے راولپنڈی ڈویژن کی پولیس فورس سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے پولیس جوانوں کی بڑی تعدادکو مری روڈ، فیض آباد، میٹرو بس ٹریک، میٹرو بس اسٹیشنز، جی ٹی روڈ اور دیگر مختلف پوائنٹس پر تعینات کیا گیا ہے۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تعینات پولیس فورس کا ڈیوٹی شیڈول بھی 20 گھنٹے سے زیادہ ہے، فیلڈ میں نامناسب حالات، رہائش اور کھانے کا مناسب بندوبست نہ ہونے سے پولیس فورس کا مورال ڈاؤن ہورہا ہے، فیض آباد ڈیوٹی پر گزشتہ ایک ہفتے سے ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ راولپنڈی میں موسم سرد ہوچکا ہے، سارا دن ڈیوٹی پر تعینات رہنے والے پولیس اہلکارمری روڈ پر قائم بس اسٹاپس، میٹرو اسٹیشنز اور مختلف عمارتوں کے برآمدوں میں رات گزارتے ہیں، پولیس اہلکاروں کو ملنے والا کھانا ناکافی ہے، دوپہر میں دوروٹی اور دو آلو والی ٹکیاں دی جاتی ہیں جبکہ رات کے کھانے میں ایک روٹی اور ایک آلو والی ٹکی دی جاتی ہے جس سے بھوک مٹانا ممکن نہیں۔


پولیس اہلکار کا کہنا تھاکہ رہائش کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو لیٹرین کی کوئی سہولت نہیں ہے، دوسرے شہر سے ڈیوٹی کے لیے راولپنڈی آنے والے پولیس اہلکار کا کہنا تھاکہ ڈیوٹی کے دوران اتنے برے حالات کبھی نہیں دیکھے اگر کسی افسر سے شکایات کی جائے تو وہ شوکاز جاری کرنے کی دھمکی دیتے ہیں، ڈیوٹی کے دوران کسی بھی پولیس اہلکار کو بیماری ہوجائے تو اس کو علاج معالجہ کی سہولت بھی فراہم نہیں کی جارہی، سینئر افسران سے مطالبہ کرتے ہیں مظاہرین کے آنے سے قبل راولپنڈی میں تعینات پولیس اہلکاروں کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور ڈیوٹی کے دوران شفٹ شیڈول متعارف کرایا جائے اگر ایسے حالات میں ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کا مظاہرین سے آمنا سامنا ہوگیا تو مظاہرین کو روکنا انتہائی مشکل ہوجائے گا کیونکہ پولیس اہلکار وں کا مورال ڈاؤن ہوچکا ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز رائے مظہر اقبال کا کہنا تھاکہ پولیس فورس کا مورال ہائی ہے، پوری قوم کی نظریں پولیس پر لگی ہیں، کتنے بھی مشکل حالات ہوں ہم ہر قسم کی مشکل کا سامنے کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حالات میں فورس کو تمام مناسب سہولیات فراہم کررہے ہیں، فیلڈ میں ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ جوانوں کو بستر فراہم کرکے سلایا جائے، فورس میں چند ایسے اہلکار موجود ہوتے ہیں جو صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، آئی جی پنجاب پولیس سے لے کر کانسٹیبل تک تمام پولیس فورس الرٹ ہے، سینئر افسران کئی دنوں سے اپنے گھر نہیں جاسکے لیکن ہم نے کسی سے شکایت نہیں کی یہ ہماری ڈیوٹی ہے اورپولیس اپنے ہم وطنوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی یہ وقتی مشکلات ہیں جو جلد ختم ہوجائیں گی۔
Load Next Story